• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

فواد خان اور صنم سعید کا ویب سیریز میں جلوہ گر ہونے کا امکان

شائع September 27, 2021
بھارتی پروڈیوسر نے صرف فواد خان کی تصویر شیئر کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بھارتی پروڈیوسر نے صرف فواد خان کی تصویر شیئر کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی خاتون فلم پروڈیوسر شیلجا کجریوال کی جانب سے پاکستانی اداکار فواد خان کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد چہ مگوئیاں ہیں کہ جلد ہی اداکار ایک ویب سیریز میں صنم سعید کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

شیلجا کجریوال نے 26 ستمبر کو انسٹاگرام پر فواد خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا کہ ’بلآخر، ’زندگی سفل‘۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی فواد خان کی تصویر میں اداکار کو قدرے مختلف روپ میں دیکھا جا سکتا ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ تصویر اداکار کے کسی ڈرامے یا ویب سیریز کے کردار کی ہے۔

اگرچہ شیلجا کجریوال نے فواد خان کی تصویر کے ساتھ مزید کچھ نہیں لکھا، تاہم مداحوں اور لوگوں نے کمنٹس کرکے ان سے پوچھنا شروع کیا کہ کیا فواد خان کے ہمراہ صنم سعید بھی پروجیکٹ کا حصہ ہوں گی؟

بھارتی پروڈیوسر کی تصویر پر پاکستانی فلم ساز مہرین جبار نے کمنٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اس کے لیے پرجوش ہیں۔

بھارتی پروڈیوسر کی پوسٹ پر مہرین جبار کی جانب سے کمنٹس کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے چہ مگوئیاں شروع کردیں کہ جلد ہی فواد خان ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، جسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نشر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: زندگی گلزار ہے نے مچائی ہندوستان میں دھوم

شیلجا کجریوال ’زی فائیو‘ کے لیے ویب سیریز اور فلمیں پروڈیوس کرتی رہی ہیں، انہوں نے متعدد بولی وڈ فلمیں جن میں ’قریب قریب سلا، مداری، ٹوبا ٹیک سنگھ، حمیدابائی کی کوٹھی، جیون ہاتھی اور لالا بیگم‘ شامل ہیں۔

خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر فواد خان ویب سیریز کو پروڈیوس کر رہی ہیں، جسے مہرین جبار بنا رہی ہیں لیکن اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی خبر سامنے نہیں آ سکی۔

بھارتی فلم ساز کی پوسٹ پر مہرین جبار نے کمنٹ کیا، جس سے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ وہ ویب سیریز کی ہدایات دیں گی—اسکرین شاٹ
بھارتی فلم ساز کی پوسٹ پر مہرین جبار نے کمنٹ کیا، جس سے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ وہ ویب سیریز کی ہدایات دیں گی—اسکرین شاٹ

مہرین جبار نے کچھ ماہ قبل ہی ’زی فائیو‘ کے لیے ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ نامی ویب سیریز بنائی تھی، جسے کافی پسند کیا گیا۔

اب افواہیں ہیں کہ ممکنہ طور پر مہرین جبار پھر سے ’زی فائیو‘ کے لیے فواد خان اور صنم سعید سمیت دیگر اداکاروں پر مبنی ویب سیریز بنانے میں مصروف ہیں، جس کا ممکنہ نام ’زندگی سفل‘ ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

مزید پڑھیں: ڈراما 'زندگی گلزار ہے' زی ٹی وی پر نشر ہونے پر میکال ذوالفقار ناخوش

خیال رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ماضی کے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں جوڑی کو کافی سراہا گیا تھا اور مذکورہ ڈرامے کو بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا تھا۔

فواد خان بھارت میں ’اے دل ہے مشکل اور کپور اینڈ سنز‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور وہاں ان کے لاکھوں مداح ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ممکنہ ویب سیریز سے متعلق جلد ہی مہرین جبار یا شیلجا کجریوال مزید وضاحت کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024