• KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm

'مجھے ضائع کیا گیا'، معین علی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع September 27, 2021
معین علی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ کو ضائع کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
معین علی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ کو ضائع کیا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلش آل راؤنڈر معین علی نے کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ضائع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ میں جتنا کھیل سکتا تھا کھیل لیا، میں بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنا چاہتا تھا لیکن وہ میچ منسوخ کردیا گیا لہٰذا میں ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے کپتان روٹ اور ہیڈ کوچ نے معین علی سے معافی کیوں مانگی؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہیڈنگلے میں بہترین فتح حاصل کی لیکن میں صحیح طریقے سے توجہ نہیں دے پا رہا تھا، میں نے الٹے سیدھے شاٹس کھیلے حالانکہ میں کارکردگی دکھانا چاہ رہا تھا لیکن اس کے باوجود ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں پوری طرح کھیل کا حصہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ معین علی 2019 میں انگلینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں انہیں مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے اپنے مسائل وسائل کو بڑھانے کے لیے فرنچائز کرکٹ میں مواقع ڈھونڈنا شروع کردیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ مجھے ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی نہیں رہی تھی بلکہ میں اس فارمیٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو گیا تھا البتہ میں اس کی کمی ضرور محسوس کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: معین علی کو غزہ کی حمایت سے روک دیا گیا

آل راؤنڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوول میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹ ٹرک اور 2015 کی ایشز ان کے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں البتہ بیٹنگ میں سری لنکا کے خلاف 2014 میں بنائی گئی سنچری سب سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بین اسٹوکس کی طرح انہیں بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جاتے تو وہ بھی ان کی طرح بہتر کھیل پیش کر سکتے تھے، میں بھی اوپر بیٹنگ کر کے بہت خوش ہوتا لیکن مجھے پورے مواقع نہیں دیے گئے۔

معین علی نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ میری بیٹنگ کو ضائع کیا گیا کیونکہ میں نے جو کچھ حاصل کیا اس سے کہیں زیادہ حاصل کر سکتا، میں مزید سنچریاں اور ڈھیر سارے رنز بنا سکتا تھا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلین کھلاڑی نے مجھے ’اسامہ‘ کہہ کر پکارا، معین علی کا دعویٰ

آل راؤنڈر نے کیریئر کے دوران سپورٹ کرنے پر سابق کپتان ایلسٹر کک کے ساتھ ساتھ موجودہ قائد جو روٹ، اپنے کوچز ٹریور بیلس، کرس سلوروُڈ خصوصاً پیٹر مورس کے ساتھ ساتھ اہلخانہ، شائقین بالخصوص انگلینڈ کی بارمی آرمی کا شکریہ ادا کیا۔

معین علی نے 64 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 195 وکٹیں لیں اور 2 ہزار 914 رنز اسکور کیے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025