• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

شوگر ملز 'بند' ہونے سے کاشتکاروں کو ادائیگی متاثر ہونے کا خدشہ

شائع September 27, 2021
حکومت کا دعویٰ ہے کہ پنجاب بھر میں کارروائی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں نیچے لانے کی کوششوں کے تحت کی گئی — فائل فوٹو / رائٹرز
حکومت کا دعویٰ ہے کہ پنجاب بھر میں کارروائی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں نیچے لانے کی کوششوں کے تحت کی گئی — فائل فوٹو / رائٹرز

شوگر انڈسٹری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے ملز اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو سیل کردیا ہے جس سے گنے کے کاشتکاروں کو نقصان ہوگا کیونکہ اس کارروائی کے باعث متعدد ملز اگلی فصل کی ادائیگیاں کرنے میں ناکام رہیں گی۔

تاہم پنجاب کین کمشنر محمد زمان وٹو نے صنعت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملز اور ان کی ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو سیل نہیں کیا گیا بلکہ وہاں سے وزارت تحفظ خوراک کی مقرر کردہ قیمت پر چینی اٹھائی گئی ہے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے ذریعے پنجاب شوگر سپلائی چین منیجمنٹ آرڈر 2021 کے تحت اس کارروائی کو جائز قرار دیا کیونکہ ملز مالکان مبینہ طور پر مقررہ سے زائد قیمتوں پر چینی فروخت کر رہے ہیں۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ پنجاب بھر میں شوگر ملز اور چینی ذخیرہ کرنے کے مقامات پر کارروائی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں نیچے لانے کی کوششوں کے تحت کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی بڑی شوگر ملز کسانوں کے 10 ارب روپے کی نادہندہ

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسکندر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 140 فی کلو چینی درآمد کر رہی ہے تاکہ مارکیٹ میں 90 فی کلو پر فروخت کر سکے، لیکن مقامی صنعت سے 104 روپے فی کلو پر چینی خریدنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ 'حکومت کو مقامی سے زیادہ غیر ملکی کاشتکاروں کی زیادہ فکر ہے اور درآمد شدہ چینی پر بھاری سبسڈی دے رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 2 لاکھ ٹن چینی درآمد کر رہی ہے جس میں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن پنجاب میں 90 روپے فی کلو کے حساب سے تقسیم کی جائے گی۔

اسکندر خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت کی کارروائی سے اگلے کرشنگ سیزن سے چند ہفتے قبل بالآخر مقامی کاشتکار متاثر ہوں گے کیونکہ چینی ذخیرہ کرنے کے مقامات کو مبینہ طور پر سیل کرنے کی وجہ سے ملز کے پاس نقد رقم نہیں ہوگی اور وہ کسانوں کو ادائیگیاں نہیں کر پائیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت پنجاب کا چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن

انہوں نے کہا کہ ملز مالکان جنرل باڈی اجلاس میں اپنے اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے جو جلد طلب کیا جائے گا۔

وزارت قومی تحفظ خوراک کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس لیے ضروری تھا کیونکہ شوگر ملز، ڈیلرز/تھوک فروشوں سے معاہدوں کے نام پر غیر سرکاری قیمتوں پر اپنے چینی کے ذخیرے فروخت کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اگلا کرشنگ سیزن متاثر نہیں ہوگا کیونکہ انتظامیہ کے پاس ہنگامی منصوبہ موجود ہے۔


یہ خبر 27 ستمبر 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024