اسکولوں میں فیس ماسک کا استعمال کووڈ 19 کی روک تھام کیلئے اہم ترین قرار
جن اسکولوں میں فیس ماسک کے استعمال کی پابندی پر عمل نہیں کیا جاتا وہاں کووڈ 19 کی وبا پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آئی۔
سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی جانب سے نتائج جاری کیے گئے جس میں شواہد سے ثابت کیا گیا کہ اسکولوں میں فیس ماسک پہننے کی پابندی بچوں کو بیماری سے محفوظ رکھتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فیس ماسکس کے استعمال سے بچوں میں کووڈ کیسز کی شرح گھٹ جاتی ہے اور اسکولوں کی بندش کا خطرہ کم ہوتتا ہے۔
اس تحقیق میں 520 امریکی کاؤنٹیز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور سی ڈی سی نے دریافت کیا کہ بچوں میں کووڈ کیسز ایسے مقامات پر اس وقت بڑھ جاتے ہیں جہاں اسکولوں میں فیس ماسک کے استعمال کی پابندی نہیں ہوتی۔
ایک اور الگ رپورٹ میں ریاست ایریزونا کی 2 بڑی کاؤنٹیز کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں دریافت کیا گیا کہ فیس ماسک کی پابندی کے بغیر اسکولوں کی بندش کا امکان ساڑھے 3 گنا تک بڑھ جاتا ہے۔
امریکا میں فیس ماسک کے استعمال کا معاملہ کافی پیچیدہ ہے اور کچھ اسکولوں میں اس کا استعمال لازمی ہے تو دیگر میں نہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ایریزونا کی کاؤنٹیز ماریکوپا اور پیما کے 191 اسکولوں میں سے جن میں کووڈ 19 کے کیسز سامنے آئے ان میں سے 59.2 فیصد میں فیس ماسک کی پابندی نہیں تھی جبکہ فیس ماسک کی پابندی والے 8.4 فیصد اسکولوں میں کیسز سامنے آئے۔
دوسری رپورٹ میں دریافت کیا گیا کہ اسکولوں کے کھلنے کے بعد ان کاؤنٹیز میں بچوں میں کووڈ 19 کیسز کی شرح (ہر ایک لاکھ میں سے 16.32) کم تھی جہاں اسکولوں میں فیس ماسک کا استعمال لازمی تھا جبکہ جہاں پابندی لازنی نہیں تھی وہاں یہ شرح ہر ایک لاکھ میں 34.85 تھی۔
نتائج سے اسکولوں کے اضلاع میں فیس ماسک کے استعمال کی اہمیت کا عندیہ ملا۔
تیسری رپورٹ میں کووڈ 19 کے باعث اسکولوں کی بندش کا جائزہ لیا گیا اور دریافت ہوا کہ اسکول ایئر کے دورران 1801 اسکولوں کو بند کرنا پڑا مگر 96 فیصد پبلک اسکول کھلے رہے۔
یہ ایسے اسکول تھے جہاں سی ڈی سی کی گائیڈلائنز پر مکمل عمل کیا جا رہا تھا۔
اس تحیق میں کاؤنٹیز کے 999 اسکولوں کو ڈیٹا دیکھا گیا تھا جن میں سے 21 فیصد میں فیس ماسک کا استعمال نئے تعلیمی سال کے آغاز پر لازمی تھا، 30 فیصد سے زیادہ نے جلد اس پرعملدرآمد شروع کردیا اور 48 فیصد میں پابندی عائد نہیں کی گئی۔
ایک اور تحقیق میں اسکولوں میں فیس ماسک کے استعمال کے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور دریافت ہوا کہ جہاں فیس ماسک کا استعمال لازمی تھا وہاں بچوں میں کووڈ 19 کیسز کی شرح کم تھی۔
سی ڈی سی کے مطابق تحقیقی رپورٹس میں محدود کاؤنٹیز کے ڈیٹا کو دیکھا گیا اور اسکول جانے کی عمر کے بچوں کی بجائے تمام بچوں کے کیسز کو دیکھا گیا تو نتائج کا اطلاق ہر ایک پر نہیں ہوتا۔
مگر ادارے نے کہا کہ اسکولوں میں فیس ماسک کا استعمال اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد اسکولوں میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔