انٹرویوز میں جھوٹ بولتی رہی ہوں، ماہرہ خان
’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے اعتراف کیا ہے کہ بعض معاملات پر وہ انٹرویوز میں جھوٹ بولتی رہی ہیں۔
ماہرہ خان نے 24 ستمبر کو اپنے مقبول ڈرامے ’ہم سفر‘ کو 10 سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے اور یہ بھی بتایا کہ وہ مستقبل میں کیا کرنے جا رہی ہیں اور انڈسٹری میں 20 سال ہوجانے پر ان میں کیا تبدیلی آئی۔
سوالوں کے دوران متعدد مداحوں نے اداکارہ کے ڈرامے ’ہم سفر‘ کو اب تک کا بہترین ڈراما اور ان کے کردار ’خرد‘ کو اب تک کا سب سے شاندار کردار بھی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کی 6 سال بعد ’مہرین‘ بن کر ٹی وی پر واپسی
بعض مداحوں نے طویل عرصے بعد ان کی ٹی وی پر واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حال ہی میں نشر کیے جانے والے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی بھی تعریفیں کیں، جس پر اداکارہ نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایک مداح نے اداکارہ سے سوال کرنے کے بجائے مزاحیہ کمنٹ کیا کہ وہ ان کے لیے اتنے پاگل ہیں کہ ان سے ورچوئل گلے ملنے کی فرمائش کر رہے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ اداکارہ سے ان کا روح کا رشتہ ہے، جس پر ماہرہ خان نے کوئی جواب دیے بغیر ان کی بات پر ہنسی کو نہ روک سکیں۔
اسی طرح ایک مداح نے جب اداکارہ کو بتایا کہ وہ ان سے شدید محبت کرتے ہیں تو اداکارہ نے بھی ان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے پیار کا یقین دلایا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ہمایوں سعید کے ساتھ دوبارہ کام کرتی دکھائی دیں گی اور وہ ضرور ایسا کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ صبح کو نیند سے جاگتے وقت عام طور پر اپنے بیٹے اذان کو چومتیں اور ان سے محبت کرنے کے بعد شکرانے ادا کرتی ہیں، تاہم موڈ کے مطابق وہ نیند سے جاگنے کے بعد کبھی کبھار دوسرے کام بھی کرتی ہیں ۔
ایک مداح نے ان سوال کیا کہ انہوں نے 20 سال قبل اداکاری شروع کی تھی تو اب دو دہائیوں بعد ان میں کیا تبدیلیاں آئی ہیں؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ ان کا خیال ہے کہ ان میں زیادہ تبدیلیاں نہیں آئیں، وہ آج بھی ویسی ہی ہیں، تاہم ساتھ ہی کہا کہ شاید اب وہ کچھ زیادہ سمجھدار ہوگئی ہیں۔
بنگلادیش کےایک مداح نے ماہرہ خان کی اداکاری اور ان کے نئے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی تعریفیں کیں اور ان سے کہا کہ وہ کبھی ان کے ملک آئیں، کیوں کہ وہاں اداکارہ کے بہت سارے مداح موجود ہیں ۔
جس پر اداکارہ نے امید کا اظہار کیا کہ وہ ایک دن ضرور بنگلادیش آئیں گی اور ساتھ ہی مداح کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایک شخص نے ان سے سوال کیا کہ ایسی کون سی بات ہے، جس سے وہ سخت ناپسند کرتی ہوں مگر اس کے باوجود وہ مذکورہ کام کرتی بھی ہوں۔
سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ انہیں جھوٹ بولنا پسند نہیں ہے، تاہم بعض اوقات وہ انٹرویوز کے دوران جھوٹ بول لیتی ہیں، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کس طرح کا جھوٹ بولتی رہتی ہیں اور ایسا کیوں کرتی ہیں؟