• KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:13pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:42pm
  • KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:13pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:42pm

شہزادہ اینڈریو ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے میں دفاع کے لیے تیار

شائع September 24, 2021
خاتون نے اگست میں شہزادے کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھافوٹو: میامی ہیرالڈ/ انسٹاگرام
خاتون نے اگست میں شہزادے کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھافوٹو: میامی ہیرالڈ/ انسٹاگرام

متعدد امریکی و برطانوی اخبارات اور نیوز پلیٹ فارمز نے بتایا ہے کہ ملکہ برطانیہ کے چھوٹے بیٹے شہزادہ اینڈریو اپنے خلاف امریکی عدالت میں دائر کیے گئے ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے میں دفاع کا فیصلہ کرلیا ہے۔

امریکی ویب سائٹ ’ڈیلی بیسٹ‘ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہزادہ اینڈریو اپنے خلاف دائر مقدمے کی جنگ لڑیں گے اور انہیں مقدمے سے متعلق نوٹس مل چکا ہے۔

گزشتہ ہفتے ان پر مقدمہ دائر کرنے والی خاتون ورجینیا رابرٹ گفی کے وکلا نے بتایا تھا کہ انہوں نے شہزادہ اینڈریو کو ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے کے دستاویزات بھجوا دیے تھے۔

خاتون ورجینیا رابرٹ گفی نے اگست میں شہزادہ اینڈریو کے خلاف نیویارک کی عدالت میں ’جنسی استحصال‘ کا سول مقدمہ دائر کیا تھا۔

امریکی اور برطانوی قوانین کے مطابق عدالت نے خاتون کو ہدایات کی تھی کہ وہ مقدمے میں نامزد کیے جانے والے شخص کو نوٹس بھجوا کر مطلع کریں اور وہ تسلیم کریں کہ انہیں مقدمہ دائر کرنے سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون نے شہزادہ اینڈریو کو ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے کا نوٹس بھیج دیا

قوانین کے مطابق ہی خاتون نے شہزادہ اینڈریو کو نوٹس بھجوایا تھا، جس پر شہزادے کے وکلا نے عدالت میں جواب بھی جمع کروایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے موکل کو درست انداز میں نوٹس نہیں ملا اور ساتھ ہی مقدمے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

ورجینیا رابرٹ گفی نے 2019 میں دعویٰ کیا تھا کہ برطانوی شہزادے نے پہلی بار ان کے ساتھ 17 سال کی عمر میں سیکس کیا —فوٹو: نیویارک ٹائمز
ورجینیا رابرٹ گفی نے 2019 میں دعویٰ کیا تھا کہ برطانوی شہزادے نے پہلی بار ان کے ساتھ 17 سال کی عمر میں سیکس کیا —فوٹو: نیویارک ٹائمز

بعد ازاں خاتون کے وکلا نے شہزادہ اینڈریو کو پوسٹل سروس سمیت ای میل کے ذریعے دوبارہ نوٹس بھجوایا تھا جو اب ملکہ برطانیہ کے بیٹے کو مل چکا ہے اور اب وہ کیس کو بھی عدالت میں لڑیں گے۔

اسی حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے بتایا کہ عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزادہ اینڈریو کو پوسٹل اور ای میل سروس کے ذریعے بھجوائے گئے نوٹس مل چکے ہیں، علاوہ ازیں لندن کی عدالت کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہی دی گئی ہے کہ شہزادے کے خلاف امریکا میں سول مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

اسی حوالے سے ہی ’ڈیلی میل‘ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نوٹس ملنے کے بعد اب شہزادہ اینڈریو نے اپنے خلاف دائر مقدمے کی قانونی جنگ لڑنے کی تیاری کرلی ہے اور ان کے وکلا عدالت میں پیش ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ معاملے پر اگلی سماعت اکتوبر کے وسط تک ہونے کا امکان ہے، جس میں شہزادہ اینڈریو کے وکلا سمیت خاتون کے وکلا بھی شریک ہوں گے۔

شہزادہ اینڈریو نے خاتون کے الزامات پہلے ہی مسترد کردیے تھے—اسکرین شاٹ، پیپلز میگزین ٹی وی
شہزادہ اینڈریو نے خاتون کے الزامات پہلے ہی مسترد کردیے تھے—اسکرین شاٹ، پیپلز میگزین ٹی وی

شہزادہ اینڈریو کے خلاف سول مقدمہ دائر کرنے والی خاتون ورجینیا رابرٹ گفی نے پہی مرتبہ 2019 میں شہزادے پر کم عمری میں رضامندی کے بغیر جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات لگائے تھے، جنہیں ملکہ برطانیہ کے بیٹے نے مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’جنسی استحصال‘ کا مقدمہ بے بنیاد اور غیر قانونی ہے، وکلا شہزادہ اینڈریو

خاتون نے ملکہ برطانیہ کے بیٹے پر اس وقت الزامات لگائے تھے جب امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن کو گرفتار کیا گیا تھا، جنہوں نے بعد ازاں جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

اس وقت خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ جیفری اپسٹن نے انہیں 1999 سے 2001 تک تین مختلف مواقع پر برطانوی شہزادے کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ کم از کم 3 مرتبہ ’جنسی تعلقات‘ قائم کیے، انہوں نے اس عمل کو ‘زبردستی‘ بھی قرار دیا تھا۔

مذکورہ الزامات کے بعد شہزادہ اینڈریو نے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا بعد ازاں مسئلہ سنگین ہوجانے پر انہوں نے شاہی ذمہ داریوں سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

شہزادہ اینڈریو نے الزامات کے بعد شاہی حیثیت بھی چھوڑ دی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
شہزادہ اینڈریو نے الزامات کے بعد شاہی حیثیت بھی چھوڑ دی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025