شہزاد رائے نے ’ٹین ڈبوں‘ سے موسیقی بجانے والے بچوں کو آلات فراہم کردیے
گلوکار شہزاد رائے نے رواں برس اگست میں وائرل ویڈیو میں ’ٹین ڈبوں‘ سے دلفریب موسیقی بجانے والے بچوں کو جدید ترین میوزک آلات فراہم کردیے۔
شہزاد رائے نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ انہوں نے اپنے منیجر کے توسط سے گلگت بلتستان کے خوبصورت علاقے ہنزہ کے ان بچوں تک موسیقی آلات پہنچا دیے، جن کی ویڈیو رواں برس اگست میں وائرل ہوئی تھی۔
گلوکار نے بچوں کو موسیقی کے آلات فراہم کرنے پر اپنے بچپن کو یاد کیا اور بتایا کہ جب انہیں بھی کم عمری میں گٹار کے کچھ آلات چاہیے تھے تو وہ کتنے بے تاب تھے اور جب انہیں وہ ملے تو وہ بہت خوش ہوئے تھے۔
شہزاد رائے کے مطابق انہوں نے جب رواں برس اگست میں ہنزہ کے بچوں کی ’ٹین ڈبوں‘ سے موسیقی بجانے کی ویڈیو دیکھی تھی تو انہیں اپنا بچپن یاد آگیا تھا، اس لیے انہوں نے بچوں کو آلات بھجوائے۔
گلوکار نے بتایا کہ جب انہوں نے بچوں سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو 10 سال پرانی تھی اور اب تمام بچے بڑے ہو چکے ہیں۔
شیئر کی گئی ویڈیوز میں انہوں نے بچوں تک موسیقی آلات فراہم کرنے کے مناظر بھی دکھائے۔
ویڈیو میں ان ہی بچوں کو شہزاد رائے کی جانب سے بھجوائے گئے موسیقی کے آلات کے ساتھ پرفارمنس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔
ویڈیو میں ’ٹین ڈبوں‘ سے موسیقی بجانے والے ایک بچے کاشف نواز کو بھی دکھایا گیا جو اب بلوغت کو پہنچ چکےہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انوپم کھیر نے پاکستانی بچوں کو ’بھارتی‘ سمجھنے کی غلطی تسلیم کرلی
انہوں نے شہزاد رائے کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وہ موسیقی کے آلات ملنے پر بہت خوش ہیں۔
کاشف نواز اور ان کے ساتھیوں نے ’ٹین ڈبوں‘ کے ساتھ موسیقی بجانے کی ویڈیو 2013 میں بنائی تھی اور اس وقت بھی وہ کافی مشہور ہوئی تھی، تاہم رواں برس اگست میں وہ ایک بار پھر وائرل ہوئی۔
ویڈیو دوبارہ وائرل ہوئی تو شہزاد رائے نے مذکورہ ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے پوچھا تھا کہ موسیقی بجانے والے بچے کون ہیں؟ کوئی انہیں ان کے ساتھ رابطہ کروائے۔
بعد ازاں شہزاد رائے کو معلوم ہوا کہ مذکورہ بچے ہنزہ کے ہیں اور انہوں نے انہیں موسیقی آلات بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔
شہزاد رائے کی جانب سے بچوں کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد وہ مزید وائرل ہوگئی تھی اور بعد ازاں بولی وڈ اداکار انوپم کھیر نے بھی ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بچوں کو بھارتی قرار دیا تھا۔
انوپم کھیر کی جانب سے بچوں کو بھارتی قرار دیے جانے پر شہزاد رائے نے انہیں بتایا تھا کہ دراصل مذکورہ ویڈیو پاکستان کی ہے اور بچے ہنزہ سے تعلق رکھتے ہیں، جس پر بھارتی اداکار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت بھی کی تھی۔
وائرل ویڈیو کو ہنزہ کے بچوں نے کم عمری میں 2013 میں بنایا تھا اور اب تقریبا وہ تمام بچے نوجوان ہو چکےہیں اور انہوں نے اپنے بینڈ کا نام ’جوش‘ رکھا ہے۔
ان کے میوزک بینڈ کے فیس بک پر اب بھی وائرل ہونے والی ویڈیو موجود ہے، جو ابتدائی طور پر انہوں نے اس وقت ایک ٹی وی انٹرویو کے وقت بنوائی تھی۔