• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

’جیمز بانڈ‘ جاسوس کا کردار خاتون کو نہیں دیا جانا چاہیے، ڈینیل کریگ

شائع September 22, 2021
خبریں ہیں کہ 26 ویں فلم میں جاسوس کا کردار خاتون کو دیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
خبریں ہیں کہ 26 ویں فلم میں جاسوس کا کردار خاتون کو دیا جائے گا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی آخری تین فلموں میں جاسوس ’007‘ کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار 53 سالہ ڈینیئل کریگ نے کہا ہے کہ ان کی جگہ کسی خاتون کو نہیں دی جانی چاہیے۔

’یو ایس میگزین‘ کے مطابق ڈینیئل کریگ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ’جیمز بانڈ‘ جاسوس کا کردار کسی خاتون کو دیے جانے کے معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے تجویز دی کہ کردار کسی اداکارہ کو نہ دیا جائے۔

خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر ’جیمز بانڈ‘ کی 26 ویں فلم میں جاسوس کا مرکزی کردار کوئی اداکارہ ادا کرتی دکھائی دیں گی اور اس حوالے سے سیاہ فام برطانوی اداکارہ لشانا لائنچ کا نام زیر گردش ہے۔

تاہم اب اسی معاملے پر جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں جاسوس کا کردار ادا کرنے والے ڈینیئل کریگ نے کہا ہے کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ مرکزی کردار خاتون کو نہیں دیا جانا چاہیے۔

’ریڈیو ٹائمز‘ کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں جیمز بانڈ جاسوس کا کردار خاتون کو دینا اچھا فیصلہ نہیں، البتہ خواتین کو اسی طرح کے دوسرے کردار دیے جانے چاہئیں۔

خبریں ہیں کہ لشانا لائنچ جیمز بانڈ کی اگلی جاسوس ہوں گی—فوٹو: گیک کلچر
خبریں ہیں کہ لشانا لائنچ جیمز بانڈ کی اگلی جاسوس ہوں گی—فوٹو: گیک کلچر

ڈینیئل کریگ کے مطابق فلم میں کردار بڑھائے جا سکتے ہیں اور خواتین سمیت مختلف نسلوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی اسکرین پر اچھی تشہیر کے لیے جاسوس جیسے ہی نئے کردار تخلیق کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جیمز بانڈ جاسوس کا کردار خاتون کو ہی کیوں دیا جانا چاہیے؟

یہ بھی پڑھیں: جیمز بانڈ فلم سیریز کو نیا ایجنٹ مل گیا

انہوں نے تجویز دی کہ جاسوس کے کردار جیسے دیگر مرکزی کردار تخلیق کرکے خواتین کو دیے جائیں اور ساتھ ہی کہا کہ فلم میں پہلے سے ہی خواتین کے مضبوط اور اچھے کردار شامل ہیں۔

ڈینیئل کریگ سے قبل جنوری 2020 میں ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پروڈیوسر باربرا براکلی نے بھی واضح کیا تھا کہ جاسوس کا کردار خاتون کو نہیں دیا جائے گا۔

لشانا لائنچ سیریز کی 25 ویں فلم کا بھی حصہ ہیں—اسکرین شاٹ
لشانا لائنچ سیریز کی 25 ویں فلم کا بھی حصہ ہیں—اسکرین شاٹ

انہوں نے واضح کیا تھا کہ 007 جاسوس کا کردار کوئی بھی رنگ و نسل کا اداکار ادا کرسکتا ہے، لیکن اس کردار کے لیے کسی اداکارہ کو سائن نہیں کیا جائے گا۔

تاہم اس سے قبل ’جیمز بانڈ‘ سیریز سے وابستہ قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ 26 ویں فلم میں جاسوس کا کردار پہلی مرتبہ ایک خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جیمز بانڈ جاسوس کا کردار اداکارہ لشانا لائنچ ادا کرتی دکھائی دیں گی جو 25 ویں فلم میں بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: جیمز بانڈ کسی بھی رنگ و نسل کا اداکار بن سکتا ہے لیکن اداکارہ نہیں، پروڈیوسر

جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو رواں ماہ ستمبر کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ فلم میں آخری مرتبہ ڈینیئل کریگ جاسوس کے کردار میں دکھائی دیں گے، ‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس مرتبہ جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس مرتبہ جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پران کی ساتھی خاتون افسر لشانا لائنچ کو دی جائیں گی جن سے متعلق افواہیں ہیں کہ وہ سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024