• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

بن بلائے شادی میں شرکت کا معاملہ: یاسر حسین کی نوشین شاہ کو تنبیہ

شائع September 22, 2021
یاسر حسین نے ثبوت سامنے لانے کی دھمکی دے دی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ فائل فوٹو: فیس بک
یاسر حسین نے ثبوت سامنے لانے کی دھمکی دے دی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ فائل فوٹو: فیس بک

یاسر حسین نے اداکارہ نوشین شاہ کو تنبیہ کی ہے کہ اب اگر انہوں نے پھر سے ان کی شادی میں بن بلائے شرکت کے معاملے پر بات کی تو وہ اداکارہ کے خلاف ثبوت سامنے لے آئیں گے۔

نوشین شاہ نے گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں یاسر حسین کی شادی میں بن بلائے شرکت کے معاملے پر ذو معنی الفاظ میں بات کی تھی۔

اس سے قبل رواں برس فروری میں یاسر حسین نے انکشاف کیا تھا کہ نوشین شاہ بن بلائے ان کی شادی میں پہنچ گئی تھیں اور وہاں آکر اداکارہ نے انہیں بہت تنگ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوشین شاہ بن بلائے ہی شادی میں آگئی تھیں، یاسر حسین

یاسر حسین کے انکشاف کے بعد نوشین شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شادی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

اب اسی معاملے پر دوبارہ نوشین شاہ نے یاسر حسین کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی اور کہا کہ بعض لوگ دوسروں کو بدنام کرکے شہرت حاصل کرتے ہیں۔

نوشین شاہ نے چند دن قبل ’ٹو بی آنیسٹ‘ شو میں میزبان کے سوال پر طنزیہ انداز میں جواب دیا تھا کہ وہ مشہور شخصیات کی شادیوں میں بن بلائے شرکت کرتی ہیں۔

ان کی بات کا اشارہ یاسر حسین کی جانب تھا مگر انہوں نے اداکار کا نام نہیں لیا تھا۔

حال ہی میں دوبارہ نوشین شاہ نے یاسر حسین کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
حال ہی میں دوبارہ نوشین شاہ نے یاسر حسین کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ساتھ ہی نوشین شاہ نے دعویٰ کیا کہ وہ واحد خاتون نہیں ہیں جن کے اوپر اداکار نے الزام لگایا ہو، مذکورہ شخص نے دوسرے افراد کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا۔

نوشین شاہ نے کہا کہ ایسے دعوے کرنے والے لوگوں کی باتوں سے ہی ان کے ظرف کا پتا چلتا ہے اور بعض افراد دوسروں پر تنقید کرکے ہی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

نوشین شاہ کے مطابق ان پر الزام لگانے والے اداکار پر عوام نے خوب تنقید کی تھی۔

اداکارہ کے انٹرویو نشر ہونے کے بعد اب یاسر حسین نے نوشین شاہ کو تنبیہ کی ہے کہ اب اگر انہوں نے مذکورہ معاملے پر بات کی تو وہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ثبوت سامنے لے آئیں گے۔

مزید پڑھیں: یاسر حسین نے شادی میں شرکت کی دعوت دی تھی، نوشین شاہ

یاسر حسین شاہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں نوشین شاہ کے انٹرویو کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا اور ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا کہ 2019 میں ان کی شادی پر اداکارہ نے زبردستی خود کو دعوت دینے کا کہا۔

یاسر حسین نے لکھا کہ ان کی شادی کو دو سال ہوچکے مگر خاتون ابھی تک اسی معاملے پر لٹکی ہوئی ہیں، 2019 میں بھی انہوں نے زبردستی دعوت حاصل کرکے شادی میں شرکت کی اور مہمانوں سمیت ان کے اہل خانہ کو بھی تنگ کیا اور آج دو سال بعد بھی اسی چیز کو ’کیش‘ کر رہی ہیں؟

ساتھ ہی یاسر حسین نے نوشین شاہ سے سوال کیا کہ ’بہن آپ کیا چاہتی ہیں؟‘

یاسر حسین نے اداکارہ کی جانب سے دوبارہ بات کرنے پر برہمی کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ
یاسر حسین نے اداکارہ کی جانب سے دوبارہ بات کرنے پر برہمی کا اظہار کیا—اسکرین شاٹ

اداکار نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں نوشین شاہ کو سختی سے خبردار کیا کہ اب وہ مذکورہ معاملے پر بات نہ کریں، دوسری صورت میں وہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ثبوت پیش کرنے کے لیے مجبور ہوجائیں گے۔

یاسر حسین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نوشین شاہ ان کی مہندی کی تقریب میں ان کی ہی تصاویر کھینچ کر انہیں ہی بھیجتی رہیں۔

آخر میں یاسر حسین نے نوشین شاہ سے سوال کیا کہ آخر انہیں ان کی شادی سے کیا مسئلہ ہے جو دو سال سے ختم ہی نہیں ہو رہا؟

اس سے قبل فروری میں یاسر حسین نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ نوشین شاہ ان کی شادی میں بن بلائے آگئی تھیں اور وہاں پر انہوں نے مہمانوں کو بھی تنگ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوشین شاہ کے زور دینے پر انہیں شادی کا مقام بتایا، یاسر حسین

بعد ازاں یاسر حسین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نوشین شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں مدعو کیا گیا تھا اور وہ بن بلائے کیوں شادی پرجائیں گی؟

بعد ازاں یاسر حسین نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے نوشین شاہ کی جانب سے بار بار درخواست کیے جانے پر انہیں مدعو کیا اور مجبور ہوکر انہیں شادی کے مقام کی ایڈریس بھی بھیجی۔

یاسر حسین نے اقرا عزیز سے دسمبر 2019 میں کراچی میں شادی کی تھی اور انہوں نے شادی سے قبل ہی دعوت نامہ سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا تھا۔

حال ہی میں یاسر حسین اور اقرا عزیز کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

یاسر حسین و اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
یاسر حسین و اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024