اسپورٹس اینکر زینب عباس کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع
معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
زینب عباس نے نومبر 2019 میں حمزہ کاردار سے شادی کی تھی، انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کرکٹ ایونٹس کی میزبانی بھی کی ہے۔
زینب عباس نے 21 ستمبر کو انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے ہاں نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں انہیں ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
زینب عباس نے اسپورٹس اینکرنگ اسٹائل میں بتایا کہ ان کا نیا سفر اپنے نئے ساتھی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ کے بجائے ٹیسٹ میچ لگ رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ تاہم وہ ٹیسٹ میچ کو اچھے انداز میں کھیلنے اور موسم کی سختیوں سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسپورٹس اینکر زینب عباس شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
زینب عباس نے اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ ان کا نیا سفر بھی پچھلے یعنی شادی کے سفر کی طرح خوشگوار اور پرسکون گزرے گا، انہوں نے پوسٹ میں خدا کا شکر بھی ادا کیا۔
زینب عباس کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق تصدیق کیے جانے کے بعد کئی عالمی و مقامی اسپورٹس شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک باد دیے جانے پر زینب عباس نے سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
زینب عباس اگرچہ اسپورٹس اینکر ہیں لیکن وہ زیادہ تر کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے 2019 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی میزبانی کے فرائض سر انجام دیے تھے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایونٹس بھی فرائض نبھاتی آئی ہیں۔
یہ ویڈیو دیکھیں: زینب عباس کی اپنی شادی میں اسپورٹس انٹری کی ویڈیو وائرل
انہوں نے دنیا ٹی وی سے اسپورٹس رپورٹر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ متعدد بھارتی اسپورٹس چینلز پر بھی رپورٹنگ اور میزبانی کرتی دکھائی دیں۔
زینب عباس نے ٹین اسپورٹس اور اسٹار اسپورٹس سمیت برطانوی چینل اسکائے اسپورٹس کے ساتھ بھی کام کیا۔
انہوں نے نومبر 2019 میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حمزہ کاردار سے شادی کی تھی، وہ فرسٹ کلاس کرکٹر ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس کی بیٹی ہیں۔
زینب عباس کے شوہر حمزہ کاردار سابق وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر شاہد حفیظ کاردار کے بیٹے ہیں۔