• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: ملز مالکان نے گندم کی پالیسی پر نظرِ ثانی کیلئے حکومت کو 5 روز کی مہلت دے دی

شائع September 21, 2021
صنعت کے پاس  8 لاکھ  ٹن گندم جبکہ اوپن مارکیٹ میں 4 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
صنعت کے پاس 8 لاکھ ٹن گندم جبکہ اوپن مارکیٹ میں 4 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ خوراک کی آبادی کے حساب سے گندم فراہم کرنے کی 'مبہم' پالیسی مسترد کرتے ہوئے پنجاب کے آٹا چکی (فلور ملز) مالکان نے 5 روز کے لیے محکمے کے ذخیروں سے اپنا اناج کا کوٹہ نہ اٹھانے کی دھمکی دی ہے، جسے ان کے احتجاج کا پہلا مرحلہ بھی کہا جاسکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق احتجاج کی کال کے باعث بازار میں خریدو فروخت میں افرا تفری سامنے آسکتی ہے اور فراہمی کا خلا آٹے کا بحران پیدا کرسکتا ہے جس کی وجہ سے صوبائی محکمہ خوراک پر ملز مالکان کی شرائط ماننے کے لیے دباؤ پڑے گا۔

پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 'آبادی کی بنیاد پر گندم جاری کرنے کی پالیسی مبہم ہے جس کی وجہ سے صنعت میں تشویش پیدا ہوگئی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا عمل شروع کرنے کی اجازت

انہوں نے بتایا کہ 'تین سو سے زائد ملز مالکان کے ہنگامی اجلاس میں پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی مارکیٹ کے بڑے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہ لینے کے باعث صوبائی حکومت کے ساتھ (آٹے کی سپلائی) کا معاہدہ کیا جائے گا نہ ہی محکمے کے ذخیرہ سے پانچ روز تک گندم اٹھائیں گے'۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے 5 روز میں پالیسی پر نظرِ ثانی نہیں کی تو وہ احتجاج کا اگلا لائحہ عمل طے کریں گے جس میں ملز کی بندش بھی شامل ہو گی۔

عاصم رضا کا کہنا تھا کہ فوری طور پر آٹے کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور گندم کی مارکیٹ تاحال مستحکم رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی میں نہ صرف ان کے آٹا پیسنے کی قیمت 600 سے کم کر کے 400 روپے فی 100 کلو گرام کردی گئی ہے بلکہ آٹے سے دیگر مصنوعات (میدہ، سوجی) نکالنے کی شرح بھی تبدیل کی گئی ہے، جس سے خدشہ ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کی فائن (میدہ) قسم کی قلت ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:صوبوں سے گندم درآمد کرنے اور قیمتوں کو چیک کرنے کا مطالبہ

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ روز تک ملز اوپن مارکیٹ سے گندم خرید کر پیسیں گی اور مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ صنعت کے پاس کم از کم 8 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ 4 لاکھ ٹن گندم اوپن مارکیٹ میں موجود ہے جبکہ گندم کی روزانہ کھپت 20 سے 22 ہزار ٹن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 16 ہزار 200 ٹن گندم فراہم کی جاتی ہے جو صارفین کی طلب پوری نہیں کر سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024