نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف کا پاکستان سیریز کی ’دوبارہ بحالی‘ کا عزم
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے پاکستان کی بلیک کیپس کے ساتھ دوبارہ سیریز پر بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا جو گزشتہ ہفتے منسوخ ہوگئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کا شیڈول پہلے ہی ’بہت سخت‘ ہے جس کی وجہ سے دوبارہ دورہ کرنے کی بات قبل از وقت ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے، آئی سی سی میں بات ہوگی، چیئرمین پی سی بی
ایک نئی رپورٹ میں نیوزی لینڈ کی میڈیا ویب سائٹ ’اسٹف‘ نے ڈیوڈ وائٹ کے حوالے سے کہا کہ ہمارا پاکستان کرکٹ کے ساتھ بہت قریبی ورکنگ رشتہ ہے، ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ آئندہ چند دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں مل کر کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم کھیلیں اور ہم اپنے قریبی ورکنگ ریلیشن کو جاری رکھیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ وہ (پاکستانی) ایک بہت پرجوش کرکٹ کھیلنے والی قوم ہے اور وہ یقینی طور پرمایوس ہیں، ہم ان کی مایوسی کو سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخی کا فیصلہ، وسیم خان حقائق سامنے لے آئے
رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کو اُمید تھی کہ میچز کو دوبارہ شیڈول کیا جائے گا لیکن اس بات کا یقین نہیں تھا کہ فیوچر ٹورز پروگرام پہلے ہی ’بہت سخت‘ ہیں۔
میجز منسوخ ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے مالی نقصان سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر مناسب وقت پر بات کی جائے گی۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ کا وقت آئے گا تو دورے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے خلاف نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلیک کیپس کے دوبارہ پاکستان کے دورے کے امکان پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کا دورہ 'فائیو آئیز' اتحاد کے 'سنجیدہ' الرٹ پر ختم کیا گیا، وسیم خان
انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ جس چیز کی نشاندہی کرنا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ ہم ہر دورے کے لیے جاتے ہیں، چاہے وہ پاکستان ہو یا انگلینڈ یا کہیں بھی، ہم سیکیورٹی وغیرہ پر محیط ایک مکمل عمل سے گزرتے ہیں، اس میں کوئی رعایت نہیں ہوتی‘۔
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا، یہ بہت جلدی ہے لیکن ہم ہر دورے کے میریٹس کا جائزہ لیں گے‘۔
نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ
یاد رہے کہ جمعے کو نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکیورٹی خطرے کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان
بیان میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے' اور اب ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شان دار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد آپشن ہے'۔