ارجنٹینا کا پاکستان سے 12 لڑاکا طیارے خریدنے کا منصوبہ ہے، رپورٹ
اسلام آباد: ارجنٹینا کا پاکستان سے 12 جے ایف-17 اے بلاک تھری لڑاکا طیارے خریدنے کا منصوبہ ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اطلاعات اس وقت سامنے آئیں جب ارجنٹینا کی حکومت نے اپنی قومی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے سال 2022 کے بجٹ میں اس مقصد کے لیے 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی۔
فنڈ مختص کرنے کی تجویز کا مطلب یہ نہیں کہ سودا طے پاگیا ہے کیوں کہ فروخت کے معاہدے پر ابھی دستخط ہونے باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 3 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کردیے
تاہم یہ ظاہر کرتا ہے کہ ارجنٹینا نے جے ایف-17 طیاروں کو زیر غور متعدد آپشنز پر فوقیت دی ہے۔
ارجنٹینا اس خریداری پر گزشتہ سال سے غور کر رہا ہے جب برطانیہ نے اس کی دیگر ذرائع سے طیارے خریدنے کی سابقہ کوششوں کو روک دیا تھا۔
بیونس ایئرز 2015 سے سویڈن اور جنوبی کوریا سے لڑاکا طیارے خریدنے کی کوشش کررہا تھا لیکن دونوں فروخت کنندگان برطانوی دباؤ کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے۔
ارجنٹینا نے 2015 میں سویڈش جے اے ایس 39 گرپن لڑاکا طیارے حاصل کرنے کی کوشش بھی کی تھی، بعد میں اس نے جنوبی کوریائی ایف اے-50 فائٹنگ ایگل میں دلچسپی دکھائی۔
مزید پڑھیں: نائیجیریا،آذربائیجان جے ایف17 خریدنے کے خواہشمند
جے ایف-17 جیٹ طیاروں میں برطانیہ کی تیار کردہ ایجیکٹر سیٹ بھی ارجنٹینا کو طیاروں کی فروخت میں ایک تنازع بنی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ارجنٹینا کی فضائیہ کے لیے لڑاکا طیاروں کی تلاش میں دوسری مشکل مہنگے آپشنز کے لیے فنڈز کی کمی ہے۔
خیال رہے کہ ارجنٹینا کی فضائیہ 2015 میں نمایاں طور پر ختم ہو گئی تھی جب اس نے ڈاسالٹ میراج 3 انٹرسیپٹر طیارے کے پرانے بیڑے کو ریٹائر کیا تھا جو اس وقت تک فضائیہ کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرتا تھا۔
جے ایف 17 تھنڈر ایک جدید، وزن میں ہلکا، تمام موسموں، دن / رات (کام کرنے والا) ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) کامرہ اور چین کی چینگدو ایئر کرافٹ انڈسٹری کارپوریشن کے مشترکہ منصوبے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لڑاکا طیارہ جے ایف17 تھنڈر کی پہلی کھیپ متعارف
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا دعویٰ ہے کہ یہ طیارہ فضا سے فضا اور فضا سے زمین تک مار کرنے کی جنگی صلاحیتوں کا حامل ہے۔
جدید ترین ہوا بازی، بہترین مربوط ذیلی نظام، کمپیوٹرائزڈ فلائٹ کنٹرول اور جدید ترین ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی صلاحیت جے ایف-17 کو اس ہی سطح کے مخالفین پر فیصلہ کن فائدہ فراہم کرتی ہے۔