• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ: 7 روزہ مہم میں 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف

شائع September 17, 2021
سندھ بھر میں 7 روزہ مہم چلائی جائے گی-فائل/فوٹو: وزیراعلیٰ سندھ
سندھ بھر میں 7 روزہ مہم چلائی جائے گی-فائل/فوٹو: وزیراعلیٰ سندھ

محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 ستمبر سے 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ میں 20 ستمبر سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے اور 7 روزہ مہم میں صوبے کے 30 اضلاع میں 94 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں 6 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور قائم مقام چیف سیکریٹری سندھ قاضی شاہد پرویز کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جہاں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، ای او سی کے نمائندے اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے کے 30 اضلاع میں متعلقہ حکام نے پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد کیے ہیں اور پولیو ورکرز کی تربیت مکمل کی گئی ہے، پولیو ورکرز کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ماسک، پی پی ایز اور ضروری سہولیات دی گئی ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ 74 ہزار 435 پولیو ورکرز اس مہم کا حصہ ہوں گے اور مہم کے دوران پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی خبروں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، سوشل موبلائیزر اور انفلیوئنسرز کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو آمادہ کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آنا، ایک بہت بڑی کامیابی ہے تاہم 20 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم میں ہائی رسک یوسیز پر خاص توجہ دی جائے۔

اس موقع پر قائم مقام چیف سیکریٹری قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ کمشنرز کو پولیو مہم بھرپور انداز میں چلانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مہم کے مقرر کردہ 100 فیصد ہدف حاصل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیو ویکسین کی کہانی: اس میں ایسا کیا ہے جو ہر سال 30 لاکھ زندگیاں بچاتی ہے

انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کے حوالے سے کارکردگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ عوام پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کرے اور پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں اور محکمہ داخلہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے گا۔

بیان کے مطابق اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے نمائندوں نے بھی شرکت اور پولیو مہم کے حوالے سے حکومت سندھ کی کارکردگی کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024