ہواوے میٹ 50 پرو اکتوبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان
چینی کمپنی ہواوے کو امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اسمارٹ فونز بزنس میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس وقت یہ کمپنی ایسی کوئی بھی امریکی ٹیکنالوجی استعمال نہیں کرسکتی جس کا 5 جی سے کوئی تعلق ہو جبکہ وہ مکمل اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم بھی استعمال نہیں کرسکتی۔
اس کے نتیجے میں ہواوے کے لیے عالمی سطح پر فلیگ شپ فونز پیش کرنا مشکل ہوچکا ہے مگر کمپنی اسمارٹ فون بزنس کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہواوے نے آخری فلیگ شپ پی 50 سیریز کے فونز جولائی میں متعارف کرائے تھے اور خیال کیا جارہا تھا کہ اس سال مزید کوئی فلیگ شپ فون پیش نہیں کیا جائے گا۔
مگر اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہواوے میٹ 50 پرو کو اکتوبر میں پیش کیا جارہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹ 50 پرو کو 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور امکان ہے کہ اکتوبر میں اسے پیش کیا جاسکتا ہے۔
مگر ہواوے کو درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے مصدقہ طور پر کہنا مشکل ہے کہ رپورٹ کس حد تک درست ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق ہواوے کی جانب سے 21 اکتوبر کو آسٹریا کے شہر ویانا میں ایک ایونٹ ہورہا ہے جس کے پوسٹر میں ایک اسمارٹ فون کو دکھایا گیا ہے۔
زیادہ امکان تو یہی ہے کہ وہ ایونٹ پی 50 سیریز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ہوگا۔
ویسے ہواوے کی جانب سے پی سیریز کے فونز سال کی پہلی ششماہی جبکہ دوسری ششماہی میں میٹ سیریز کو پیش کیا جاتا ہے۔
مگر اس سال پی 50 سیریز کو ہی تاخیر سے پیش کیا گیا مگر اب کہا جارہا ہے کہ میٹ 50 سیریز اکتوبر میں پیش ہوسکتی ہے۔