• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مجبوری کے تحت مختصر لباس پہننے والی شوبز خواتین سے ہمدردی ہے، وینا ملک

شائع September 16, 2021
پاکستان میں خواتین کو ہر طرح کا لباس پہننے کی آزادی ہے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
پاکستان میں خواتین کو ہر طرح کا لباس پہننے کی آزادی ہے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ومیزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ انہیں افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے فنکاروں پر پابندیاں عائد کرنے یا وہاں کی خواتین کے بجائے دنیا کی مختلف شوبز انڈسٹریز میں مجبوری کے تحت انتہائی مختصر لباس پہننے والی خواتین سے ہمدردی ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے ’ڈوئچے ویلے‘ (ڈی ڈبلیو) اردو کو دیے گئے انٹرویو میں وینا ملک نے واضح کیا کہ طالبان نے افغانستان پر قبضہ نہیں کیا بلکہ وہ ان کا اپنا ملک تھا اور انہوں نے وہاں حکومت بنائی ہے۔

اداکارہ و میزبان کے مطابق افغانستان بھی طالبان ہی سے تعلق رکھتا ہے اور طالبان نے اپنا ملک حاصل کرنے کے لیے 20 سال تک جنگ لڑلی اور انہیں نہیں لگتا کہ طالبان کے احکامات سے وہاں کے لوگ نہ خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت میں آنے کے بعد اگر کوئی بھی قوائد و ضوابط نافذ کریں گے تو وہاں کے لوگ انہیں خوشی خوشی قبول کریں گے اور یہ کہ تاحال وہاں طالبان کے احکامات کے خلاف کوئی مزاحمت بھی نظر نہیں آ رہی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کی جو برقعے میں تصاویر ہیں وہ کسی مجبوری کے تحت نہیں کھینچی گئیں بلکہ وہ بچپن سے اپنی مرضی کے مطابق پردہ کرتی آ رہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی باہر جاتی ہیں تو برقع پہن کر جاتی ہیں اور وہ پردے میں خود کو محفوظ تصور کرتی ہیں۔

افغانستان میں طالبان کی جانب سے وہاں کی شوبز انڈسٹری میں عائد کی جانے والی پابندیوں اور خواتین کے لیے مکمل برقع والے لباس کے اعلان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وینا ملک نے کہا کہ انہیں افغانستان کی پردے والا لباس پہننے والی خواتین کے بجائے مختلف ممالک کی شوبز انڈسٹری میں مختصر لباس پہننے والی خواتین کی فکر ہے۔

وینا ملک نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک کی شوبز انڈسٹریز میں خواتین مجبوری کے تحت نیم عریاں لباس پہننے پر مجبور ہیں اور وہ مختصر لباس میں خود کو بے سکون محسوس کرتی ہیں۔

انہوں نے ایسی شوبز خواتین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ انہیں افغانستان میں شوبز پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے بجائے دوسرے ممالک کی انڈسٹریز کی پریشان ہے، جہاں اداکاروں کو اپنی مرضی سے ہر چیز کرنے کی اجازت ہے جو کہ انتہائی خوفناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری میں واپسی

وینا ملک نے لباس اور شوبز میں ’ڈریس کوڈ‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ حکومت پاکستان شوبز کے لیے ’ڈریس کوڈ‘ متعارف کرائے۔

ان کے مطابق زندگی کے ہر مسئلے میں ایک حد ہوتی ہے، جہاں تک ہر کسی نے رکنا ہوتا ہے، اسی طرح شوبز میں بھی لباس کے معاملے پر ایک حد مقرر کی جائے اور بتایا جائے کہ کس طرح کا لباس پہنا جا سکتا ہے۔

حکومت ملک میں شوبز کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرائے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
حکومت ملک میں شوبز کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرائے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان اور افغانستان میں خواتین کے لباس کے موازنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور یہاں کی خواتین اپنی مرضی سے ہر طرح کا لباس پہنتی ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے جلد ہی ’اردو فلکس‘ پر نشر ہونے والے اپنے مزاحیہ سیاسی و سماجی شو سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ وہ 13 سال بعد دوبارہ شو کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ مذکورہ شو ماضی کے شو ’ہم سب اُمید سے ہیں‘ کی طرح کا ہوگا مگر اب شو کو ’اردو فلکس‘ پر چلایا جائے گا اور نئے شو کا اسکرپٹ بھی ڈاکٹر یونس بٹ لکھیں گے۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کو اب بھی بھارت سے کام کی پیشکش؟

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا شو کب تک نشر ہوگا اور ان کے ساتھ دیگر کون سے اداکار اور میزبان شو کا حصہ ہوں گے؟

وینا ملک کی شوبز میں واپسی کے حوالے سے رواں ماہ ستمبر کے آغاز میں خبریں سامنے آئی تھیں اور اداکارہ نے ڈان امیجز کے ساتھ بات چیت میں تصدیق کی تھی کہ وہ اردو فلکس پر ویب سیریز میں نظر آئیں گی لیکن اب انہوں نےکہا کہ وہ ویب سیریز نہیں بلکہ شو میں دکھائی دیں گی۔

مذکورہ شو کے ذریعے وینا ملک 7 سال بعد اسکرین پر واپسی کریں گی، انہیں 2014 کے بعد اسکرین پر نہیں دیکھا گیا تھا، البتہ وہ بطور مہمان اور شریک میزبان پروگرامات میں نظر آتی رہی تھیں۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

وینا ملک کا آخری ٹی وی پروگرام 2016 میں ’مذاق رات‘ تھا جب کہ اس سے قبل وہ اسی طرح کے سیاسی و کامیڈی ٹی وی شوز میں دکھائی دیتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک پھر سے حیران کرنے کو تیار

وہ ماضی میں بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کر چکی ہیں جب کہ انہوں نے متعدد بولڈ بولی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے ہندی سمیت تیلگو اور کنڈا زبانوں کی فلموں میں بھی بولڈ کردار ادا کر رکھے ہیں۔

وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی، جس کےبعد وہ کچھ عرصہ شوبز سے دور بھی رہی تھیں، تاہم 2017 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

اداکارہ کے دو بچے ہیں، جو اس وقت ان کے پاس پاکستان میں ہیں اور بچوں کی حوالگی سے متعلق اداکارہ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024