• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغانستان سے بھارتی انخلا پر بننے والی فلم 'گارڈ' کی جھلکیاں سامنے آگئیں

شائع September 16, 2021
اجے کپور سبھاش کالے فلم کو پروڈیوس کر رہے ہیں—پرومو فوٹو:، فائل فوٹو، فیس بک
اجے کپور سبھاش کالے فلم کو پروڈیوس کر رہے ہیں—پرومو فوٹو:، فائل فوٹو، فیس بک

افغانستان سے امریکی و اتحادی افواج کے انخلا اور وہاں پر طالبان کے کنٹرول کے بعد کے حالات پر بنائی جانے والی بولی وڈ فلم 'گارڈ' کی پہلی جھلکیاں جاری کردی گئیں۔

'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق افغانستان سے بھارتی انخلا پر بننے والی فلم 'گارڈ' کو پروڈیوسر اجے کپور اور سبھاش کالے پروڈیوس کریں گے جو حقیقی واقعات پر بنائی جارہی ہے۔

'گارڈ' کی کہانی مشن منگل جیسی فلموں کی کہانی لکھنے والی لکھاری ندھی سنگھ نے لکھی ہے جب کہ تاحال فلم کے ہدایت کار سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

'گارڈ' کی کہانی افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد وہاں سے بھارتی انخلا کے گرد گھومتی ہے لیکن امکان ہے کہ فلم میں دیگر ممالک کے انخلا کی جھلکیاں بھی دکھائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر اشرف غنی ملک چھوڑ گئے، طالبان نے کنٹرول حاصل کرلیا

'گارڈ' کی کہانی افغانستان سے بھارتی عملے اور افراد کے انخلا میں کردار ادا کرنے والے گارڈ کمانڈو فورسز (جی سی ایف) کے بھارتی افسر کے گرد گھومتی ہے لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مذکوہ افسر کا کردار کون ادا کرے گا؟

ٹیم نے فوری طور پر 'گارڈ' کے پوسٹر اور بیک گراؤنڈ گانے کی جھلکیاں جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ فلم کو آئندہ سال 15 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

مذکورہ فلم سے قبل اجے کپور اور سبھاش کالے نے متعدد فلمیں ایک ساتھ پروڈیوس کی ہیں، دونوں پروڈیوسرز زیادہ تر حقیقی واقعات پر بنی فلموں کو پروڈیوس کرتے ہیں۔

فلم کو آئندہ سال 15 اگست کو جاری کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو آئندہ سال 15 اگست کو جاری کیا جائے گا—پرومو فوٹو

فلم کی ٹیم کے مطابق فوری طور پر 'گارڈ' کے ہدایت کار اور کاسٹ کا فیصلہ نہیں ہوسکا لیکن جلد ہی اس حوالے سے اعلان متوقع ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں بھارتی عملے اور افراد کے انخلا میں کردار ادا کرنے والے گارڈ سیکیورٹی فورسز کے افسر کا مرکزی کردار اکشے کمار، اجے دیوگن یا پھر وکی کشال جیسا اداکار ادا کرے گا۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مرکزی کردار کے لیے کسی نئے اداکار کو بھی کاسٹ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی خبریں ہیں کہ 'گارڈ' میں ممکنہ طور پر افغان طالبان کا بھیانک روپ یا پھر دیگر ممالک کی افغان سے ملی بھگت جیسے 'پروپیگنڈا' کو بھی دکھایا جائے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

افغانستان پر 20 سال بعد گزشتہ ماہ 15 اگست کو طالبان نے دوبارہ اس وقت قبضہ کرلیا تھا جب کہ امریکی و اتحادی افواج نے افغانستان چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں 20 سالہ امریکی جنگ اختتام پذیر، طالبان کا جشن

امریکا و اس کی اتحادی افواج نے اکتوبر 2001 میں افغانستان پر اس وقت حملہ کرکے طالبان کی حکومت ختم کردی تھی جب کہ امریکا کے ورلڈ ٹریڈ سینٹرز پر دہشت گرد حملے ہوئے تھے۔

امریکا کی 20 سالہ جنگ گزشتہ ماہ 15 اگست کو ختم ہوئی اور طالبان نے افغان اقتدار پر کنٹرول حاصل کیا اور ستمبر کے آغاز میں طالبان نے عبوری حکومت کا اعلان بھی کیا تھا۔

افغانستان پر طالبان کے دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے، وہاں پر 20 سال تک امریکی جنگ اور دیگر ممالک کے انخلا پر ممکنہ طور پر ہولی وڈ فلمیں بھی بنائی جائیں گی۔

اس سے قبل نائن الیون کے حملوں کے تناظر اور افغانستان پر امریکی حملوں اور جنگ سے متعلق بھی متعدد ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں سمیت دیگر ممالک نے بھی فلمیں، ویب سیریز اور ڈرامے بنا رکھے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024