• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

عامر، سلمان، شاہ رخ خوف سے مسائل پر نہیں بولتے، نصیر الدین شاہ

شائع September 15, 2021
انتہا پسند ہندوؤں نے کہا پاکستان چلے جاؤ، نصیر الدین شاہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
انتہا پسند ہندوؤں نے کہا پاکستان چلے جاؤ، نصیر الدین شاہ—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

بھارت کے لیجنڈری اداکار 71 سالہ نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ ’بولی وڈ خانز‘ کہلائے جانے والے اداکار عامر، سلمان اور شاہ رخ خان دھمکیوں، خوف اور ہراسانی کی وجہ سے اہم سیاسی و سماجی مسائل پر بات نہیں کرتے۔

سینئر اداکار نے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کو دیے گئے انٹرویو میں بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار، وہاں انتہا پسند ہندوؤں کے بڑھتے دباؤ، سیاسی و سماجی مسائل سمیت شوبز میں ’پروپیگنڈا‘ فلموں پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکار نے حال ہی میں اپنی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملنے والی دھمکیوں سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔

نصیر الدین شاہ کے مطابق حال ہی میں افغانستان میں طالبان کے حکومت میں آنے پر انہوں نے بھارت کے کچھ تنگ نظر مسلمانوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کے جشن منانے پر انہیں ٹوکا تھا، جس کا مطلب غلط لیا گیا اور انہیں دھمکیاں دی گئیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف تنگ نظر اور طالبان کے اقتدار میں آنے پر خوش ہونے والے چند افراد پر تنقید کی تھی مگر پورے بھارت نے ایسا سمجھا کہ شاید تمام مسلمان طالبان کے طاقت میں آنے پر خوش ہیں۔

ماضی میں کسی نے پاکستان جانے کےلیے گھر پر ٹکٹ بھجوادیا تھا، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں کسی نے پاکستان جانے کےلیے گھر پر ٹکٹ بھجوادیا تھا، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں سیکولررزم کو پروان چڑھانے سے متعلق انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور ماضی میں انتہا پسند ہندو انہیں پاکستان چلے جانے کا طعنہ دیتے رہے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ ان پر سب سے زیادہ غصہ انتہاپسند ہندو کرتے ہیں اور ماضی میں کسی شخص نے ان کے ہاں پاکستان کا ٹکٹ تک بھجوا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نصیرالدین شاہ کے دلچسپ انکشافات

نصیر الدین شاہ نے انکشاف کیا کہ انہیں کسی نامعلوم ہندو شخص نے ممبئی سے کولمبو اور پھر وہاں سے کراچی کا ٹکٹ بھجوا دیا تھا۔

بولی وڈ لیجنڈری اداکار نے سوالیہ انداز میں کہا کہ وہ کیوں پاکستان جائیں؟ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں پاکستان سے زیادہ مسلمان بستے ہیں اور مسلمان ہونے کا مطلب پاکستانی نہیں ہے۔

میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ اور نغمہ نگار جاوید اختر مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک سمیت دیگر سماجی مسائل پر کھل کر اس لیے بولتے ہیں کہ انہیں اب خوف نہیں لگتا۔

نصیر الدین شاہ کے مطابق عامر، شاہ رخ اور سلمان خان سیاسی و سماجی مسائل سمیت دیگر اہم معاملات پر اس لیے بات نہیں کرتے، کیوں کہ انہیں خوف ہے اور وہ ہراساں ہونے سے ڈرتے ہیں۔

اداکار کو تین بچے ہیں، ان کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوچکا ہے—اسکرین شاٹ/یوٹیوب
اداکار کو تین بچے ہیں، ان کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوچکا ہے—اسکرین شاٹ/یوٹیوب

انہوں نے واضح کیا کہ تینوں خانز کے خاموش رہنے کا مطلب صرف مالی خوف نہیں ہے بلکہ انہیں کئی طرح کے خوف ہیں، اس لیے وہ خاموش رہتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے پاس کھونے کے لیے بہت کچھ ہے۔

اسی معاملے پر نصیر الدین شاہ نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کے رویے میں اضافے کا ایک سبب فلمیں بھی ہیں۔

نصیر الدین شاہ نے انکشاف کیا کہ بھارتی حکومت بڑے فلم سازوں سے ’پروپیگنڈا‘ فلمیں بنواتی ہے اور ایسی فلمیں بنانے والوں کو کئی طرح کی سہولیات بھی دی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: نصیر الدین شاہ کا پہلی بار اہلیہ اور 'لَو جہاد' سے متعلق انکشاف

انہوں نے بولی وڈ فلم سازوں سے ’نازی جرمنی فلم سازوں‘ سے بھی تشبیح دی اور کہا کہ ہٹلر کی ہدایات پر جرمنی کے فلم ساز بھی پروپیگنڈا فلمیں بناکر مسائل کو ہوا دیتے تھے۔

’پروپیگنڈا‘ فلموں کے حوالے سے انکشاف کے ثبوتوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ظاہری بات ہے کہ ان کے پاس اپنے دعوے کے کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہیں مگر بولی وڈ کی ریلیز ہونے والی فلموں کو دیکھ کر اندازا لگایا جا سکتا ہےکہ ان کا دعویٰ کتنا سچا ہے؟

نصیر الدین شاہ کی دوسری اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ ہندو ہیں اور گزشتہ برس اداکار نے کہا تھا کہ انہوں  نے اہلیہ کو کبھی مذہب تبدیل کرنے کا نہیں کہا—فائل فوٹو: فیس بک
نصیر الدین شاہ کی دوسری اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ ہندو ہیں اور گزشتہ برس اداکار نے کہا تھا کہ انہوں نے اہلیہ کو کبھی مذہب تبدیل کرنے کا نہیں کہا—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے کہا کہ ان کی بات یر یقین نہ کرنے والے افراد کو بولی وڈ فلمیں دیکھ کر تحقیق کرنی چاہیے کہ وہ کتنا سچ بول رہےہیں۔

نصیر الدین شاہ نے انٹرویو کے دوران کسی خاص ’پروپیگنڈا‘ فلم کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے کسی فلم ساز یا اداکار کا نام لیا۔

نصیر الدین شاہ نے 1975 میں کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا، انہوں نے دو شادیاں کیں اور انہیں تین بچے ہیں۔

نصیر الدین شاہ نے پہلی شادی مراد پروین نامی خاتون سے کی جو فوت ہوگئیں، انہوں نے دوسری شادی اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ سے 1982 میں کی۔

نصیر الدین شاہ کو تین بچے ہیں، انہوں نے درجنوں کلاسک اور آرٹ فلموں میں شاندار اداکاری کی۔

ان کی اہلیہ بھی نامور اداکارہ ہیں، جنہوں نے بھی درجنوں فلموں میں شاندار اداکاری کی۔

نصیر الدین شاہ کی اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک درجنوں فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
نصیر الدین شاہ کی اہلیہ اداکارہ رتنا پھاٹک درجنوں فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024