• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی میں 16 سے 18 ستمبر کے درمیان ہلکی و معتدل بارش کا امکان

شائع September 15, 2021
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی موجودہ لہر کل تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی موجودہ لہر کل تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسم شدید گرم ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 16 سے 18 ستمبر کے دوران شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی موجودہ لہر کل تک برقرار رہنے اور اس دوران پارہ 41 ڈگری تک پہنچ جانے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بھارت اور پاکستان میں مون سون کے 2 سسٹمز موجود ہیں، بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں موسم شدید گرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان

اس دوران کراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہیں اور شمال مشرق سے گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

البتہ آئندہ روز سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے اور گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کا امکان ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ شدید گرمی کے پیشِ نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں۔

15 ستمبر کو جاری کردہ بیان کے مطابق صوبے کے زیادہ تر حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا لیکن تھرپارکر، عمر کوٹ، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو الٰہیار، ٹی ایم خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص اور سانگھڑ ڈویژن میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گرمی کی شدید لہر برقرار

قبل ازیں ایک بیان میں محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ میں 15 ستمبر کی رات سے ایک اور مون سون سسٹم داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا جس کے تحت 16 سے 18 ستمبر کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

بیان کے مطابق مون سون کا اگلا اسپیل سینٹرل انڈیا سے سندھ میں داخل ہوگا، خلیج بنگال میں مون سون بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ بن چکا ہے، اس نئے سسٹم کے قریب آنے پر اس کی شدت کا اندازہ ہوگا۔

علاوہ ازیں رواں ماہ کے آخر میں ایک اور مون سون کا سلسلہ سندھ میں داخل ہوسکتا ہے البتہ 30 ستمبر کو مون سون بارشوں کا سلسلہ اختتام پذیر ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024