• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

طالبان کا سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے دولت برآمد کرنے کا دعویٰ

شائع September 13, 2021
امراللہ صالح طالبان کے کنٹرول کے بعد فرار ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
امراللہ صالح طالبان کے کنٹرول کے بعد فرار ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

افغانستان میں حکومتی انتظامات چلانے والے طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کارروائی کے دوران فرار ہونے والے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے امریکی ڈالرز اور سونا برآمد کرلیا۔

طالبان حکومت کے میڈیا اور کلچر کے چیف کے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی، جس میں ارکان کو امریکی ڈالرز اور سونے کے پیکٹس کی گنتی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے طالبان کی جانب سے پشتو زبان میں بتایا گیا کہ سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے 65 لاکھ امریکی ڈالر اور سونے کے 18 پیکٹ ملے ہیں۔

ویڈیو میں طالبان ارکان کو مقامی زبان میں آپس میں بات کرتے ہوئے ڈالرز کی گڈیاں گنتی کے بعد انہیں واپس بیگز میں رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ارکان کے ہاتھوں میں سونے کے پیکٹس کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

طالبان نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں مذکورہ خزانہ امراللہ صالح کے کس گھر سے اور کہاں سے ملا؟

تاہم ویڈیو میں طالبان ارکان کو ایک گھر میں آرام سے ڈالرز اور سونے کی گنتی کے بعد انہیں ترتیب کے ساتھ بیگز میں رکھتے اور دولت کی موبائلز فونز پر ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

طالبان کی جانب سے سابق نائب صدر کے گھر سے ڈالرز اور سونا برآمد کرنے کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی لیکن زیادہ تر نشریاتی اداروں نے طالبان کی ٹوئٹ کو بنیاد بنا کر خبریں شائع کیں۔

افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح طالبان کی جانب سے کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے اور طالبان کے خلاف مزاحمت کا اعلان بھی کیا تھا۔

خبریں تھیں کہ وہ افغانستان کے صوبے پنج شیر چلے گئے ہیں، جہاں پر طالبان نے کافی مزاحمت کے بعد کنٹرول حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے نائب صدر امر اللہ صالح کا طالبان کے خلاف مزاحمت کا اعلان

طالبان کی جانب سے پنج شیر کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد خبریں ہیں کہ امراللہ صالح وہاں سے تاجکستان فرار ہوگئے ہیں، تاہم اس حوالے سے بھی تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

امراللہ صالح نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی گزشتہ 10 روز سے کوئی ٹوئٹ نہیں کی، انہوں نے آخری ٹوئٹ 3 ستمبر کو مزاحمت کے حوالے سے ہی کی تھی۔

طالبان کی جانب سے امر اللہ صالح کے گھر سے دولت برآمد کرنے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ تین دن قبل ہی سابق نائب صدر کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان نے امراللہ صالح کے بھائی کو قتل کردیا۔

’رائٹرز‘ نے بتایا تھا کہ امراللہ صالح کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے سابق نائب صدر کے بھائی روح اللہ کو قتل کردیا۔

تاہم ’رائٹرز‘ نے طالبان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ طالبان نے روح اللہ کو قتل کرنے کے دعووں کو مسترد کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024