• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

غیر سرکاری نتائج: پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات میں پہلے نمبر پر

ملک بھر کے 39 کنٹونمنٹ بورڈز میں 206 عام نشستوں پر پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی—تصویر: اے پی پی
ملک بھر کے 39 کنٹونمنٹ بورڈز میں 206 عام نشستوں پر پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی—تصویر: اے پی پی

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے زیادہ نشستیں لے کر کامیاب جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ بہت کم مارجن کے ساتھ دوسرے نمبر پر مسلم لیگ (ن) رہی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے 58 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ (ن) 51 نشستوں پر کامیاب رہی اور تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے جو 49 نشستوں پر کامیاب رہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی صرف 14، ایم کیو ایم 10، جماعت اسلامی 5 اور بلوچستان عوامی پارٹی ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکی۔

یہ بھی پڑھیں: کنٹونمنٹ انتخابات: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں آگے

ملک بھر کے 39 کنٹونمنٹ بورڈز میں 206 عام نشستوں پر پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی، اس دوران کوئی بڑی بد مزگی دیکھنئے میں نہیں آئی۔

ملک میں 42 کنٹونمنٹس میں 219 وارڈز ہیں لیکن کامرہ، چیراٹ اور مری گلیات کے کنٹونمنٹس کے 9 وارڈز میں کوئی پولنگ نہیں ہوئی جہاں امیدوار یا تو بلا مقابلہ منتخب ہوگئے یا پولنگ ملتوی کردی گئی۔

مجموعی طور پر ایک ہزار 513 امیدواروں نے کنٹونمنٹ بورڈز کے 206 وارڈز میں عام نشستوں پر انتخابات میں حصہ لیا۔

پنجاب کی 19 کنٹونمنٹس کے 112 وارڈز میں 878 امیدوار، سندھ کے 8 کنٹونمنٹس کے 53 وارڈز میں 418، خیبرپختونخوا کی 9 کنٹونمنٹس کے 33 وارڈز میں 170 اور بلوچستان کی 3 کنٹونمنٹس کے 8 وارڈز میں 47 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔

مزید پڑھیں:کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: 206 جنرل نشستوں کیلئے پولنگ

چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ 178 امیدوار کھڑے کیے جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے 140، پیپلز پارٹی کے 112 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا تاہم مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں کسی امیدوار کو نامزد نہیں کیا۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں 2 وارڈز میں آزاد امیدواروں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی جبکہ بقیہ نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ، ژوب اور لورالئی کے کنٹونمنٹس کے 8 وارڈز میں الیکشن ہوئے۔

سندھ

سندھ سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پی ٹی آئی نے 42 میں سے سب سے زیادہ 14 نشستیں حاصل کیں۔

اس کے بعد پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جماعت اسلامی 5 جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) تین، تین اور آزاد امیدوار 6 نشستوں پر کامیاب رہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے 8 کنٹونمنٹس کے 33 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 16 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جس کے بعد آزاد امیدوار 8 نشستوں پر کامیاب رہے۔

تاہم مسلم لیگ (ن) نے اپنے گڑھ ہزارہ سے تمام 4 نشستیں حاصل کرلیں، ان کے علاوہ پیپلز پارٹی 3 اور اے این پی 2 نشستوں پر کامیاب رہی۔

پنجاب

لاہور کنٹونمنٹ کے 19 وارڈز میں سے 15 میں مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) 3 جبکہ پی ٹی آئی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی، جہلم میں پی ٹی آئی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔

لاہور کنٹونمنٹ کے وارڈ 7 میں امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ منسوخ کردی گئی۔

گوجرانوالہ پی ٹی آئی نے 6 نشستیں جبکہ مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدواروں نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔

سرگودھا میں آزاد امیدواروں نے 5 وارڈز میں، پی ٹی آئی نے 3 اور مسلم لیگ (ن) نے 2 میں کامیابی حاصل کی۔

ملتان کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 10 میں 9 نشستیں جیتیں جبکہ بقیہ ایک پر مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی، بہاولپور کنٹونمنٹ میں مسلم لیگ (ن) 3 جبکہ پی ٹی آئی 2 نشستیں حاصل کرسکی۔

راولپنڈی کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق 19 میں سے 12 نشستیں حاصل کر کے مسلم لیگ (ن) کامیاب رہی جبکہ ایک وارڈ میں امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان ہی واحد قومی رہنما ہیں، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد اکثریتی جماعت ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ وزیراعظم عمران خان ہی واحد قومی رہنما ہیں، تحریک انصاف ہر صوبے میں پہلے یا دوسرے نمبر پر رہی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، بلوچستان میں کوئی سیٹ حاصل نہ کر سکی جبکہ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں کوئی سیٹ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں مقابلہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز اور ان کارکنان کے درمیان رہا جن کو ٹکٹ نہیں مل سکا اور انہوں نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج نے ظاہر کیا کہ اپوزیشن کی رہی سہی حیثیت بھی ختم ہو چکی ہے اور وہ بری طرح شکست کھا چکے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو فون کیا اور کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024