• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

برٹنی اسپیئرز نے دیرینہ دوست سے منگنی کرلی

شائع September 13, 2021
گلوکارہ نے 13 ستمبر کو منگنی کی تصدیق کی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
گلوکارہ نے 13 ستمبر کو منگنی کی تصدیق کی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

امریکی گلوکارہ، اداکارہ، ڈانسر و پروڈیوسر 39 سالہ برٹنی اسپیئرز نے خود سے 12 سال کم عمر دیرینہ دوست، فٹنیس ٹرینر و اداکار سام اصغری سے منگنی کرلی۔

دونوں نے انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی کہ دونوں نے 13 ستمبر کو منگنی کرلی۔

برٹنی اسپیئرز نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو جاری کی، جس میں انہیں منگیتر کے ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی ویڈیو میں وہ منگنی کی انگوٹھی بھی دکھا رہی ہیں۔

سام اصغری نے بھی اپنی پوسٹ کے ذریعے منگنی کی تصدیق کی اور ساتھ ہی گلوکارہ کے ساتھ رومانوی تصویر بھی شیئر کی۔

برٹنی اسپیئرز اور سام اصغری کی منگنی کے حوالے سے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گلوکارہ کو منگیتر نے 4 قراط کی ہیرے کی انگوٹھی دی۔

دونوں نے ایک ایسے وقت میں منگنی کی ہے جب کہ گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز نے گزشتہ ہفتے ہی بیٹی کی سرپرستی سے دستبرداری کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

اس سے قبل جیمز اسپیئرز نے عدالت میں سرپرستی سے دستبرداری کی رضامندی کے دستاویزات جمع کروائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’برٹنی اسپیئرز کے والد ان کے سرپرست نہ ہوتے تو وہ شادی کرچکی ہوتیں‘

جیمز اسپیئرز 2008 سے برٹنی اسپیئرز کے قانونی سرپرست ہیں اور گلوکارہ والد کی اجازت اور مرضی کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتیں۔

برٹنی اسپیئرز گزشتہ دو سال سے والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے کوشاں ہیں اور عدالت نے 2020 سے اب تک گلوکارہ کی کم از کم 4 مرتبہ درخواستیں مسترد کی ہیں۔

تاہم اب گلوکارہ کے والد بھی سرپرستی سے دستبردار ہونے کے لیے رضامند ہوگئے ہیں، جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اب برٹنی اسپیئرز کو اپنی زندگی پر اختیار دیا جائے گا یا پھر ان کے لیے ان کی مرضی کا سرپرست مقرر کیا جائے گا۔

سرپرستی کے دوران ہی برٹنی اسپیئرز کے میک اپ آرٹسٹ نے اکتوبر 2020 میں دعویٰ کیا تھا کہ والد کی سختی اور سرپرستی کی وجہ سے ہی تاحال گلوکارہ نے شادی نہیں کی۔

میک اپ آرٹسٹ نے بتایا تھا کہ اگر برٹنی اسپیئرز سرپرستی میں قید نہ ہوتیں تو وہ اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ ایرانی نژاد 27 سالہ فٹنیس ٹرینر سام اصغری سے شادی کر چکی ہوتیں اور ان کے بچے بھی ہوچکے ہوتے۔

تاہم اب ان کی منگنی ہوجانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ سرپرستی ختم ہونے کے فوری بعد دونوں شادی کرلیں گے لیکن اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سام اصغری اور برٹنی اسپیئرز کے تعلقات 2016 میں استوار ہوئے تھے اور دونوں ایک گانے میں بھی ساتھ پرفارمنس کر چکے ہیں۔

سام اصغری گلوکارہ کے فٹنیس ٹرینر بھی رہے ہیں اور ان سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ ایرانی نژاد مسلم خاندان کے ہاں امریکا میں پیدا ہوئے۔

مزید پڑھیں: سرپرستی ختم کرکے مجھے اپنی زندگی پر اختیار دیا جائے، برٹنی اسپیئرز

سام اصغری سے قبل برٹنی اسپیئرز نے 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر یں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

سام اصغری سے گلوکارہ کے 2016 سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: اے پی
سام اصغری سے گلوکارہ کے 2016 سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024