• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عمر شریف کے علاج کیلئے ڈاکٹر فیصل سلطان کی میڈیکل ٹیم سے مشاورت

شائع September 12, 2021
عمر شریف علیل ہیں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف علیل ہیں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین و اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ان کی میڈیکل ٹیم سے مشاورت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ آغا خان میں عمر شریف کی دیکھ بھال کرنے والی باصلاحیت ٹیم سے ان کے علاج کے آپشنز پر مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف کے علاج میں درکار معاونت فراہم کی جائے گی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کے علاج کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا، وفاقی حکومت

فواد چوہدری نے کہا کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے عمر شریف کی میڈیکل ٹیم کے ساتھ مشاورت کی ہے اور آج اس مشاورت کا تسلسل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف کی صحت کے باعث میڈیکل ٹیم کے لیے چیلنج یہ ہے کہ سفر کو کیسے ممکن بنایا جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمر شریف ہمارا اثاثہ ہیں اور ان کے علاج کے لیے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ عمر شریف گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں اور ابتدائی طور پر ان کے اہلخانہ نے ان کی علالت کی خبروں کو تسلیم نہیں کیا تھا۔

گزشتہ ماہ اگست کے اختتام پر عمر شریف کی بیماری کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ابتدائی طور پر ان کے اہلخانہ نے ان کے علیل ہونے کی خبروں کو غلط قرار دیا تھا، بعدازاں ان کے انتقال کی خبریں بھی گردش کررہی تھیں جس کی تردید کی گئی تھی۔

بعد ازاں ان کے اہلخانہ نے تسلیم کیا تھا کہ عمر شریف علیل ہیں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ساتھ ہی اداکار کے خاندان نے حکومت سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد بھی مانگی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

جس کے بعد عمر شریف نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کروانے سے متعلق مدد مانگی تھی۔

بعد ازاں اداکار کے اہلخانہ نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی بلکہ جلد سے جلد بیرون ملک کا ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس کا بندوبست کرنے سے متعلق مدد طلب کی ہے۔

مذکورہ اپیل کیے جانے کے بعد متعدد شوبز و اسپورٹس شخصیات سمیت بھارتی شوبز شخصیات نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے عمر شریف کی مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر ہی چوہدری فواد اور عمران اسمٰعیل نے 11 ستمبر کی شام کو عمر شریف کی عیادت کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اداکار کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ کے قیام کی تصدیق کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024