• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گلوکارہ حمیرا چنا کی والدہ انتقال کر گئیں

شائع September 9, 2021
گلوکارہ نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے والدہ کے انتقال کی تصدیق کی—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکارہ نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے والدہ کے انتقال کی تصدیق کی—فائل فوٹو: فیس بک

معروف پاپ و پلے بیک گلوکارہ حمیرا چنا کی والدہ کے انتقال پر شوبز شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سندھ کے شہر حیدرآباد میں شوبز سے وابستہ گھرانے میں پیدا ہونے والی حمیرا چنا کی والدہ لکی ناز خود بھی گلوکارہ تھیں۔

حمیرا چنا نے 9 ستمبر کو فیس بک پوسٹ میں مداحوں کو بتایا کہ ان کی والدہ انتقال کر گئیں، انہوں نے مداحوں سے والدہ کی مغفرت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

گلوکارہ کی جانب سے والدہ کے انتقال کی اطلاع دیے جانے پر درجنوں موسیقی و شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا جب کہ متعدد نغمہ نگاروں اور شاعروں سے بھی ان کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

حمیرا چنا نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی والدہ کی تدفین کہاں کی جائے گی لیکن ان کی والدہ کراچی میں مقیم ہیں۔

گلوکارہ کی والدہ لکی ناز بھی ماضی کی مقبول گلوکارہ رہی ہیں، انہوں نے سندھی، سرائیکی اور پنجابی زبان سمیت قومی زبانوں میں بھی گیت گائے لیکن زیادہ تر انہوں نے سندھی زبان میں گلوکاری کی۔

حمیرا چنا کی والدہ کی طرح ان کے والد غلام محمد چنا کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے تھا اور انہوں نے متعدد فلموں کی ہدایات دیں۔

غلام محمد چنا ابتدائی طور پر ریڈیو پاکستان میں ملازمت کرتے تھے لیکن 1980 کے بعد انہوں نے فلمیں بنانا بھی شروع کیں اور اس ضمن میں وہ حیدرآباد سے لاہور منتقل ہوگئے۔

حمیرا چنا نے اردو، سندھی، پنجابی و سرائیکی زبانوں میں گیت گائے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
حمیرا چنا نے اردو، سندھی، پنجابی و سرائیکی زبانوں میں گیت گائے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

والد کے فلمی دنیا میں آنے کے بعد ہی حمیرا چنا نے کم عمری میں ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کراچی سے گلوکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے سب سے پہلے سندھی زبان کے صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام گا کر لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

بعد ازاں انہوں نے ریڈیو پاکستان پر بھی اس وقت کے مقبول گلوکاروں، جن میں استاد منظور علی خان، سندھی زبان کے معروف گلوکار استاد محمد یوسف، استاد محمد جمن، منظور سخیرانی اور عابدہ پروین شامل ہیں، کے ساتھ مل کر گانے گائے۔

حمیرا چنا نے درجنوں فلموں ریما، صائمہ اور صاحبہ جیسی اداکاروں کے گانوں کو بھی آواز بخشی اور انہیں پلے بیک گلوکاری کے عوض نصف درجن نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

حمیرا چنا کو ان کی گلوکاری کی خدمات کے عوض حکومتِ پاکستان نے 2016 میں ’پرائڈ آف پرفارمنس‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔

حمیرا چنا گزشتہ کئی سال سے دبئی، کینیڈا، امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں شوز کرتی آ رہی ہیں، وہ کوک اسٹوڈیو کے بھی متعدد سیزنز میں پرفارمنس کر چکی ہیں۔

حمیرا چنا کو سندھی ثقافتی گانے اور لوک گیت گانے کی وجہ سے بھی منفرد حیثیت حاصل رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
حمیرا چنا کو سندھی ثقافتی گانے اور لوک گیت گانے کی وجہ سے بھی منفرد حیثیت حاصل رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024