• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ڈھولکی سے منال خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز

شائع September 8, 2021
تقریب میں منال خان، احسن محسن کے ساتھ رقص کرتی بھی نظر آئیں—فوٹو: انسٹاگر
تقریب میں منال خان، احسن محسن کے ساتھ رقص کرتی بھی نظر آئیں—فوٹو: انسٹاگر

پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام کی شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی کی تقریب سے ہوگیا۔

خیال رہے کہ منال خان 10 ستمبر کو احسن محسن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گی۔

دونوں کی ڈھولکی کی تقریب منگل کی رات کو منعقد ہوئی جس کا دعوت نامہ احسن محسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا تھا۔

علاوہ ازیں انہوں نے مایوں کی تقریب کارڈ بھی شیئر کیا تھا جو آج یعنی 8 اگست کو منعقد ہوگی۔

ڈھولکی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں منال خان کو اورنج رنگ کا لہنگا زیب تن کیے جبکہ احسن محسن کو سفید شلوار قمیض پر واسکٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

کچھ ویڈیوز میں منال اور احسن ایک ساتھ رقص کرتے بھی نظر آئے۔

علاوہ ازیں ان کی بہن اور اداکارہ ایمن خان جامنی رنگ کے دیدہ زیب لباس میں ملبوس تھیں جبکہ ان کی بیٹی امل نے بھی اپنی والدہ جیسا ہی لباس زیب تن کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ایمن خان اور منیب بٹ کی بیٹی امل منیب کو اپنے انداز میں خالہ کی ڈھولکی کی تقریب میں انجوائے کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

شوبز ستاروں اور مداحوں کی جانب سے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے اور شادی کی مبارکباد بھی دی جارہی ہے۔

شادی کی تقریبات کے باقاعدہ آغاز سے چند روز قبل منال خان کے برائیڈل شاور کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شادی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے منال خان نے بتایا تھا کہ وہ 10 ستمبر کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

بعدازاں منال خان اور احسن محسن نے ولیمے کے کارڈ کی تصویر بھی شیئر کی تھی جس کے مطابق ان کا ولیمہ 12 ستمبر کو منعقد ہوگا۔

خیال رہے کہ منال خان اور احسن محسن اکرام کے درمیان گزشتہ 2 سال سے تعلقات تھے اور رواں برس فروری میں محبتوں کے عالمی دن (ویلنٹائن ڈے) پر دونوں نے رومانوی تصاویر شیئر کی تھیں، جس کے بعد ان کی منگنی کی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں۔

بعد ازاں منال خان اور احسن محسن اکرام نے 18 مئی کو بھی سوشل میڈیا پر دوبارہ اپنی رومانوی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ’بات پکی‘ کے ہیش ٹیگ کو استعمال کیا تھا، اس وقت بھی خیال کیا گیا تھا کہ دونوں نے منگنی کرلی۔

تاہم فروری اور مئی میں دونوں نے منگنی نہیں کی تھی لیکن رواں برس 11 جون کو انہوں نے باضابطہ طور پر منگنی کی تقریب منعقد کی تھی، جس میں متعدد شوبز شخصیات شریک ہوئی تھیں۔

علاوہ ازیں جون میں احسن محسن اکرام سے انسٹاگرام پر ایک مداح نے پوچھا تھا کہ وہ رواں برس ہی شادی کریں گے آئندہ سال کریں گے؟ جس پر احسن محسن نے جواب دیا تھا کہ ’اس حوالے سے وہ مشورہ کریں گے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024