• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

یکساں قومی نصاب نافذ نہ کرنے پر ایچی سن کو انتباہ

شائع September 8, 2021
مسلح افواج کے زیر انتظام ایک اسکول میں بھی ایس این سی نافذ نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلح افواج کے زیر انتظام ایک اسکول میں بھی ایس این سی نافذ نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

پنجاب حکومت نے ایچی سن کالج کو یکساں قومی نصاب (ایس این سی) نافذ نہ کرنے پر وارننگ جاری کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے 2 اگست کو شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال 22-2021 کے لیے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں پرائمری جماعتوں کے لیے ایس این سی نافذ کیا گیا تھا۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ کی جانب سے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا کہ 'آپ کو آگاہ کرتے ہیں کہ پی سی ٹی بی کسی تعلیمی ادارے (اسکول/کالج) کی درخواست پر نہیں بلکہ اسکیم کے لیے اپلائی کرنے والے ناشر (فرد/ادارہ/نجی پبلشر) کی درخواست پر پورے طریقہ کار کے مطابق جائزہ لے کر تصدیق نامہ عدم اعتراض (این او سی) جاری کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم نے یکساں تعلیمی نصاب کا اجرا کردیا

بورڈ نے کالج کو کہا کہ وہ کتاب کے ناشر کو ہدایت دے کہ وہ اپنا کام جائزے اور این او سی کے اجرا کے لیے جمع کروائے۔

خط میں کہا گیا کہ 'آپ کو ایک مرتبہ پھر درخواست /مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایسی کتب تجویز نہیں کریں جنہیں پی سی ٹی بی کی جانب سے این او سی جاری نہیں کی گئی'۔

دوسری جانب پنجاب کے صوبائی وزیر برائے تعلیم مراد راس نے بھی ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کسی کے لیے 'کوئی استثنیٰ نہیں' ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'پنجاب کریکولم ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے ایچی سن کالج کو یکساں قومی نصاب نافذ نہ کرنے پر خط ارسال کیا گیا، کسی کو استثنیٰ نہیں، میں کسی کو حکومت کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دوں گا'۔

یہ بھی پڑھیں: یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ کے بغیر پنجاب کے نجی اسکولوں میں تعلیمی سال کا آغاز

ایچی سن کی پرائمری جماعت کے ایک طالبعلم نے ڈان کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے منگل کو ایس این سی کا نفاذ کیا گیا ہے جس میں سائنس، اسلامیات اور تاریخ کی کُتب اردو میں متعارف کرائی گئی ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر شفقت محمود نے اس بات کی تردید کی تھی کہ لڑکوں کے اسکول میں ایس این سی نافذ نہیں کیا جائے گا۔

14 اگست کو اپنے ٹوئٹ میں شفقت محمود نے لکھا تھا کہ ایچی سن کالج یا کوئی بھی اور اسکول مستثنیٰ نہیں ہے۔

دریں اثنا معاملے پر بیان حاصل کرنے کے لیے ایچی سن کالج پرنسپل مائیکل تھامس کو بھیجی گئی ای میل کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: یکساں تعلیم طبقاتی نظام کا خاتمہ کرے گی، وزیراعظم

علاوہ ازیں لاہور میں مسلح افواج کے زیر انتظام ایک اور اسکول میں بھی ایس این سی نافذ نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

اس سلسلے میں جب ایک عہدیدار سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اسکول محکمے کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024