• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری میں واپسی

اداکارہ آخری بار 2014 میں فلم میں نظر آئیں تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ آخری بار 2014 میں فلم میں نظر آئیں تھی—فائل فوٹو: فیس بک

متنازع بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ و میزبان وینا ملک نے تصدیق کی ہے کہ وہ 7 سال بعد جلد ہی اسکرین پر اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تاہم گزشتہ 7 سال سے انہیں کسی بھی ڈرامے یا فلم میں نہیں دیکھا گیا، البتہ انہیں ٹی وی پر میزبانی کرتے ہوئے یا پھر بطور مہمان پروگرامات میں شامل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

اب اداکارہ 7 سال بعد اسکرین پر دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گی لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ اسی سال پردے پر نظر آئیں گی یا پھر اس میں مزید وقت لگے گا؟

ڈان امیجز کے ساتھ بات کرتے ہوئے وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی اسٹرینگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ کی سیاسی و سماجی مسئلے پر بنی سیریز میں نظر آئیں گی۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ مزاحیہ انداز میں سیاست و سماجی حالات پر بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی معروف مزاحیہ لکھاری ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے لکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک کی سابق شوہر کو گالیاں اور دھمکیاں دینے کی مبینہ آڈیو وائرل

اداکارہ کے مطابق مذکورہ منصوبہ پہلے کسی اور چینل یا پلیٹ فارم کے لیے بنایا جا رہا تھا لیکن اب اسے ’اردو فلکس‘ کے لیے بنایا جائے گا۔

وینا ملک کے مطابق مذکورہ سیریز کے علاوہ بھی ان کے چند دیگر اہم منصوبے جلد شروع ہوں گے لیکن انہوں نے ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال تک اچھا کام نہ ملنے کی وجہ سے متعدد منصوبوں کو مسترد کر چکی ہیں لیکن اب انہیں اپنی مرضی کا اچھا کام مل گیا۔

وینا ملک کے مطابق انہوں نے چند ریئلٹی شوز کی پیش کش بھی ٹھکرائی لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں شوز کی آفرز پاکستان سے ہوئیں یا پھر سرحد پار سے؟

انہوں نے اپنی سیریز سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز میں ملک کے سیاسی و سماجی مسائل کو مزاحیہ و ہلکے پھلکے انداز میں سامنے لایا جائے گا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ سیریز پر کب تک کام شروع ہوگا اور فوری طور پر ’اردو فلکس‘ نے بھی اس پر کوئی اضافی معلومات فراہم نہیں کیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ سیریز رواں سال کے اختتام یا پھر آئندہ سال کے آغاز تک ریلیز کی جا سکے گی۔

اگر مذکورہ سیریز رواں برس ریلیز ہوئی تو شائقین 7 سال بعد وینا ملک کو اسکرین پر دیکھ سکیں گے، آخری مرتبہ وہ بھارتی تیگلو فلم میں 2014 میں دکھائی دی تھیں۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کے بچوں کی تحویل کا معاملہ:عدالت نے 2 وزارتوں سے جواب طلب کرلیا

وینا ملک کا آخری ٹی وی پروگرام 2016 میں ’مذاق رات‘ تھا جب کہ اس سے قبل وہ اسی طرح کے سیاسی و کامیڈی ٹی وی شوز میں دکھائی دیتی تھیں۔

وہ ماضی میں بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کر چکی ہیں جب کہ انہوں نے متعدد بولڈ بولی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے ہندی سمیت تیلگو اور کنڈا زبانوں کی فلموں میں بھی بولڈ کردار ادا کر رکھے ہیں۔

وینا ملک نے 2013 میں اسد خٹک سے شادی کی تھی، جس کےبعد وہ کچھ عرصہ شوبز سے دور بھی رہی تھیں، تاہم 2017 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

اداکارہ کے دو بچے ہیں، جو اس وقت ان کے پاس پاکستان میں ہیں اور بچوں کی حوالگی سے متعلق اداکارہ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان عدالتی جنگ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024