• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

طالبان کا پنج شیر پر قبضہ، احمد مسعود کی افغان عوام سے بغاوت شروع کرنے کی اپیل

شائع September 6, 2021
احمد مسعود نے کہا کہ طالبان تبدیل نہیں ہوئے اور پہلے سے زیادہ شدت پسند ہیں— فوٹو: اے ایف پی
احمد مسعود نے کہا کہ طالبان تبدیل نہیں ہوئے اور پہلے سے زیادہ شدت پسند ہیں— فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے صوبے پنج شیر میں شکست کے بعد قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے افغان عوام سے طالبان کے خلاف ملک گیر بغاوت شروع کرنے کی اپیل کردی۔

احمد مسعود نے اپنے فیس بک پیج پر آڈیو پیغام میں طالبان پر الزام عائد کیا کہ اُن کے جنگجوؤں نے پنج شیر کے مقامی علما کے کہنے پر جنگ روک دی تھی لیکن طالبان نے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگ جاری رکھی۔

مزید پڑھیں: افغانستان: پنج شیر میں طالبان اور باغیوں کے مابین لڑائی جاری، کابل ایئرپورٹ جزوی فعال

انہوں نے پنج شیر میں طالبان کے کنٹرول کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فوجیں تاحال طالبان کے خلاف لڑرہی ہیں اورپنج شیر کے اسٹریٹجک حصے میں موجود ہیں البتہ اتوار کو طالبان سے لڑائی میں اُن کے خاندان کے بھی کچھ لوگ ہلاک ہو گئے۔

اپنے پیغام میں احمد مسعود نے کہا کہ عالمی برادری، طالبان کو عسکری اور سیاسی طور پر مضبوط ہونے کے مواقع فراہم کررہی ہے حالانکہ طالبان تبدیل نہیں ہوئے اور پہلے سے زیادہ شدت پسند ہیں۔

وادی پنج شیر کا مکمل طور پر کنٹرول سنبھال لیا ہے، طالبان

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ طالبان نے وادی پنج شیر کا مکمل طور پر کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس فتح کے ساتھ ہی ہم نے ملک کو جنگ کی دلدل سے نکال لیا ہے۔

انہوں نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم وادی پنج شیر کے معزز لوگوں کو مکمل یقین دہانی کراتے ہیں کہ ان سے کسی قسم کا متعصبانہ رویہ نہیں رکھا جائے گا اور وہ سب ہمارے بھائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، ذبیح اللہ مجاہد

سوشل میڈیا پر طالبان نے تصاویر پوسٹ کی ہیں جس میں انہیں وادی پنج شیر میں گورنر ہاؤس کے مرکزی دروازے کے سامنے کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق ہزاروں طالبان نے راتوں رات پنج شیر کے آٹھ اضلاع پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے ٹھکانے کے بارے میں تصدیق نہیں کر سکتے، جو لوگ ہم سے لڑے ان کی تلاش جاری ہے لیکن ہم اب بھی انہیں معاف کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وادی پنج شیر میں بجلی اور انٹرنیٹ جلد بحال ہو جائیں گے اور کابل سے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اقتدار کے خلاف کسی بھی قسم کی بغاوت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ہم پڑوسی ممالک کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ افغان سرزمین ان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

مزید پڑھیں: اقوامِ متحدہ نے افغانستان کی امداد جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے، سہیل شاہین

طالبان ترجمان نے کہا کہ اسلامی امارات، پنج شیر کے مزاحمتی گروپ سے مذاکرات کرنا چاہتی تھی لیکن ان مذاکرات کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے اور ہم نے بزور طاقت وادی پر کنٹرول حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنج شیر میں دشمنوں کے آخری ٹھکانے پر بھی طالبان نے قبضہ کر لیا ہے اور اس دوران کسی بھی شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی لیکن اب اگر کسی نے ہمارے خلاف مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی تو ہم اس سے اسی طرح نمٹیں گے جیسے پنج شیر میں نمٹے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو قومی مزاحمتی محاذ اور سابق افغان سیکیورٹی فورسز پر مشتمل اتحاد نے تسلیم کیا تھا کہ انہیں بدترین نقصان اٹھانا پڑا تھا اور سیز فائر کا مطالبہ کیا تھا۔

نئی حکومت کا جلد اعلان کیا جائے گا، ذبیح اللہ مجاہد

علاوہ ازیں طالبان نے کہا کہ افغانستان کی نئی حکومت کا جلد اعلان کیا جائے گا جو ایک عبوری حکومت ہو گی۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ حتمی فیصلے کیے جا چکے ہیں اور اب ہم تکنیکی مسائل پر بات کر رہے ہیں اور ان مسائل کے حل ہوتے ہی ہم نئی حکومت کا جلد اعلان کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے، ملک اب بحران سے نکل رہا ہے لہٰذا اب امن اور تعمیر نو کا وقت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمیں سپورٹ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان فوجی نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر طالبان کے حوالے کردیا

ترجمان نے چین سمیت تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات کی امید ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے لیے امن اور استحکام بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا حق بنتا ہے کہ اسے تسلیم کیا جائے اور عالمی برادری کو کابل میں اپنے سفارتخانے کھولنے چاہئیں۔

رپورٹس کے مطابق طالبان نے نئی حکومت کے اعلان کی تقریب میں پاکستان، ایران، ترکی، چین، روس اور قطر کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024