فلوریڈا: مسلح شخص نے 3 ماہ کے بچے سمیت 4 افراد کو قتل کردیا
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ سینٹرل فلوریڈا کی پولیس کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے قبل بلٹ پروف جیکٹ پہنے اور خود کو متاثرہ ظاہر کرنے والے شخص نے فائرنگ کر کے خاتون اور اس کی گود میں موجود تین مہینے کے بچے سمیت چار افراد کو قتل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق پولک کاؤنٹی کے پولیس افسر گریڈی جڈ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت 33 سالہ برائن ریلے کے نام سے ہوئی جو امریکی بحریہ کا سابق ملازم ہے، واقعے میں زخمی ہونے والی 11 سالہ بچی کی سرجری کی جارہی ہے جسے 7 گولیاں لگیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ برائن ریلے کا متاثرین سے کوئی تعلق نہیں تھا اور ہتھیار ڈالنے سے قبل اس کا پولیس کے ساتھ بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے بعد گولی لگنے پر علاج کے دوران ہسپتال میں ایک پولیس افسر سے اس کی پستول چھیننے کی بھی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: فلوریڈا میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک
گریڈی جڈ نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں امریکی جنگوں کا تجربہ کار برائن ریلے ایک سیکیورٹی گارڈ کمپنی میں باڈی گارڈ کی حیثیت سے کام کرتا تھا، اس کی گرل فرینڈ نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ صدمے کے بعد کے ذہنی دباؤ سے متاثر تھا کبھی کبھار ہونے والے ڈپریشن سے دوچار تھا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل اس کی ذہنی حالت بگڑ گئی تھی اور اس نے اپنی گرل فرینڈ کو بتایا تھا کہ اس نے خدا سے بات کرنا شروع کردی ہے۔
ایک اور نیوز کانفرنس کے دوران گریڈی جڈ نے بتایا کہ 'ایک مرتبہ اس نے ہمارے تفتیشی حکام سے کہا کہ وہ اپنی جانوں کی بھیک مانگ رہے تھے لیکن میں نے پھر بھی انہیں مار دیا‘۔
ان کے مطاق برائن ریلے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے کہا کہ وہ طاقتور نشے کا عادی ہے۔
مزید پڑھیں:فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کا واقعہ، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا
انہوں نے بتایا کہ پہلے شوٹر بلا مقصد اس گھر پر نظر آیا جہاں ہفتے کی رات فائرنگ ہوئی تھی اور عجیب و غریب باتیں کررہا تھا لیکن جب تک پولیس پہنچی وہاں سے چلا گیا۔
گریڈی جج کا کہنا تھا کہ اگلے روز اتوار کی صبح وہ واپس آیا اور 40 سالہ شخص، 33 سالہ ماں اور اس کی گود میں موجود بچے کو قتل کردیا اور برابر میں موجود گھر میں ایک 62 سالہ خاتون کو بھی قتل کیا جو بچے کی نانی تھیں۔
گریڈی جڈ نے کہا کہ خودکار بندوق کے دو کارتوس چلنے کی اطلاعات کے ردِ عمل میں پہنچنے والے اہلکاروں نے ایک غیر مسلح شخص باہر دیکھا جس نے بلٹ پروف جیکٹ اور کیموفلاج پہنا ہوا تھا
یہ بھی پڑھیں:فلوریڈا کے یوگا اسٹوڈیو میں فائرنگ، 2 خواتین ہلاک
انہوں نے بتایا کہ برائن ریلے واپس گھر کے اندر گیا تو 'ہم نے مزید گولیوں، خاتون کے چیخنے اور بچے کے رونے کی آواز سنی‘۔
اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد وہ غیر مسلح ہوکر گھر سے باہر نکلا تو اسے گرفتار کرلیا گیا۔
گریڈی جڈ نے کہا کہ 'اچھا ہوتا اگر وہ بندوق لے کر باہر آتا، ہم اسے بہت سی گولیاں مار دیتے لیکن اس نے ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ بزدل تھا، جب کوئی ہتھیار ڈالتا ہے تو ہم اسے پرامن طریقے سے حراست میں لے لیتے ہیں'۔