• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'ڈی جی آئی ایس آئی کا دورہ کابل'، غیر روایتی رابطے ضروری ہیں، فواد چوہدری

شائع September 6, 2021
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا افغانستان کو بڑا مسئلہ بنا کر پیش کر رہی ہے—فوٹو: پی آئی ڈی
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا افغانستان کو بڑا مسئلہ بنا کر پیش کر رہی ہے—فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملک کی سب سے بڑی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے دورہ کابل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں کہ جب کابل میں اقتدار کا خلا ہے، متعدد معاملات پر بات چیت کے لیے غیر روایتی رابطے ضروری ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی ایس آئی کے ڈی جی، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کابل میں ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان قیادت کے علاوہ سابق وزیر اعظم گلبدین حکمت یار سمیت دیگر افغان رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فی الحال افغانستان میں کوئی حکومت نہیں ہے وہاں اقتدار کا خلا ہے ان حالات میں پاکستان کے سیاسی نظام میں سے کسی ایک رہنما کو وہاں ملاقات کرنی چاہیے؟ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے (جو ابھی موجود نہیں)۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے کوششیں جاری ہیں، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اگر کوئی تحفظات ہوں تو مختلف امور پر بات چیت کے لیے غیر روایتی روابط استعمال کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان گہرے تزویراتی، معاشی، سیاسی اور سماجی شیئر کرتے ہیں، اسلام آباد عام افغان کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا اور نہ ہی کابل میں عدم استحکام کے باعث ملک پر مرتب ہونے والے اثرات پر آنکھیں بند کرسکتا ہے۔

فواد چوہدری نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہ ملک، افغانستان پر دنیا سے مختلف پالیسی پر عمل پیرا ہے، کہا کہ فرق صرف یہ ہے کہ پاکستان، افغانستان کے بحران پر برسوں سے سیاسی حل کا مطالبہ کر رہا تھا جبکہ امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک کو اس بات کی اہمیت کا اندازہ حال ہی میں ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت ہماری پالیسی کے بعد افغانستان میں تنہا ہوگیا ہے، فواد چوہدری

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومت بنانا صرف افغان شہریوں کا حق ہے اور پاکستان وہاں ایک جامع حکومت کے خیال کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف جنگ زدہ ملک کے استحکام میں کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ نئی حکومت کو خطے میں موجود ممالک کے اور عالمی طاقتوں کی مشاورت سے تسلیم کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت ٹیکس دہندگان اور لوک سبھا کے نمائندگان کو مودی حکومت کی افغان حکمت عملی کے بارے میں سوال کرنے چاہیے جس میں انہوں اربوں ڈالرز ضائع کردیے جبکہ یہ رقم غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جاسکتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان پر پاکستان کے مشورے نظر انداز کرنے سے دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، فواد چوہدری

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا افغانستان کو سب سے بڑا مسئلہ بنا کر کیوں پیش کر رہے ہیں حالانکہ ان دونوں ممالک کی سرحد ایک انچ بھی آپس میں نہیں ملتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بھارت کوئی کردار نہیں دیا جاسکتا، کیوں کہ اس نے افغان سرزمین ہمیشہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024