• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

طبیعت میں بہتری کے بعد سائرہ بانو ہسپتال سے ڈسچارج

شائع September 6, 2021
سائرہ بانو کو 28 اگست  کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
سائرہ بانو کو 28 اگست کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ کے لیجنڈری مرحوم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کو طبیعت میں بہتری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کو 28 اگست کو سانس لینے میں دشواری اور ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کی وجہ سے ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

طبعیت میں بہتری کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: سائرہ بانو کی طبیعت میں بہتری، جلد انجیوگرافی کی جائے گی

دلیپ کمار کے اہلخانہ کے ترجمان فیصل فاروقی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سائرہ بانو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد گھر واپس آگئی ہیں۔

انہوں نے مداحوں کی جانب سے سائرہ بانو کے لیے دعاؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

گزشتہ روز ہسپتال حکام نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا تھا کہ انہیں آئی سی سے وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اگر کوئی مزید مسائل نہ ہوئے تو سائرہ بانو کو جلد ڈسچارج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ 77 سالہ سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر یکم ستمبر کو ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی، جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا۔

بعدازاں ایک رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو کے رشتے دار نے بتایا تھا کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انہیں ہندوجا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر نتن گوکھلے، جو سائرہ بانو کا علاج کررہے ہیں، نے تصدیق کی تھی ان کے دل کے بائیں حصے (وینٹریکل) کو نقصان پہنچا ہے اور ان کی انجیوگرافی کی جائے گی تاہم کچھ رپورٹس کے بعد سائرہ بانو نے انجیوگرافی سے انکار کردیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سائرہ بانو کو ناساز طبیعت کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اس سے قبل وہ ہمیشہ اپنے مرحوم شوہر دلیپ کمار کی بیماری کی وجہ سے ان کے ساتھ ہسپتال جایا کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سائرہ بانو خرابی صحت کے باعث ہسپتال منتقل

دلیپ کمار رواں برس 7 جولائی کو 99 سال کی عمر میں متعدد طبی مسائل اور طویل العمری کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

سائرہ بانو نے دلیپ کمار سے 11 اکتوبر 1966 کو شادی کی تھی، اس وقت دلیپ کمار 44 سال جبکہ سائرہ بانو 22 سال کی تھیں۔

دونوں کی ازدواجی زندگی 55 برس تک رہی اور 7 جولائی 2021 کو دلیپ کمار کی موت ہوگئی، دونوں کی کوئی بھی اولاد نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024