• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فضا علی گانے کی شوٹنگ کے دوران اونچائی سے گرکر زخمی

شائع September 5, 2021
میوزک ویڈیو کی عکسبندی کے دوران وہ مٹی کے بڑے ٹیلے سے گریں —فائل فوٹو: انسٹاگرام
میوزک ویڈیو کی عکسبندی کے دوران وہ مٹی کے بڑے ٹیلے سے گریں —فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اداکارہ و میزبان فضا علی گانے کی شوٹنگ کے دوران اونچائی سے گر کر زخمی ہوگئیں۔

فضا علی کے زخمی ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں گرنے کے بعد ان کے چہرے پر تکلیف کے آثار دیکھے جاسکتے ہیں۔

اداکارہ فضا علی مقامی گلوکار 'ملکو' کے ساتھ اپنے آنے والے مشترکہ گانے کی میوزک ویڈیو کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ حادثے کا شکار ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: اداکارہ فضا علی متعدد افراد کے ساتھ 'نام جوڑے جانے' پر برہم

فضا علی گانے کی شوٹنگ کے دوران مٹی کے بڑے ٹیلے سے گریں جس کے باعث انہیں سر اور کمر پر چوٹیں بھی آئی ہیں۔

اس حوالے سے گلوکار ملکو کے منیجر قیصر ندیم نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو تصدیق کی فضا علی گانے کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئیں۔

منیجر کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے شہر قصور کے نواحی علاقے میں ان کے آنے والے گانے کی شوٹنگ جاری تھی کہ اداکارہ زخمی ہوگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ فضا علی اور گلوکار ملکو نے 'جانی' گانا گایا ہے تاہم اداکارہ کے زخمی ہونے کے بعد شوٹنگ روک دی گئی۔

منیجر کا کہنا تھا کہ فضا علی کو معمولی زخم آئے ہیں اور انہیں بروقت طبی امداد پہنچائی گئی، جس کے بعد انہیں روانہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ فضا علی نے 15 سال کی عمر میں ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا بعدازاں انہوں نے ٹی وی اداکار نعمان اعجاز کی تجویز پر اداکاری میں قدم رکھا تھا۔

اداکارہ فضا علی اب تک ڈیڑھ درجن سے زائد ڈراموں میں کام کرچکی ہیں اور انہوں نے فلم 'کاف کنگنا' میں بھی اداکاری کی تھی۔

وہ مارننگ شو سمیت گیم شو کی میزبانی بھی کررہی ہیں جبکہ 2012 میں انہوں نے لاہور کے ایک کاروباری شخص سے شادی کرلی تھی، جس کے بعد وہ کراچی سے لاہور منتقل ہوگئیں۔

فضا علی کی ایک بیٹی فرال ہے اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ سوشل میڈیا پر اکثر تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024