اقرا عزیز اور یاسر حسین کا شرمیلا فاروقی کو جواب
اداکار یاسر حسین نے اپنی اہلیہ و اداکارہ اقرا عزیز کی پوسٹ پر سابق رکن سندھ اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شرمیلا فاروقی کے تبصرے پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بس سیاست کرکے ملک کو برباد کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شرمیلا فاروقی کی جانب سے بچے کا ڈائپر بدلنے پر مبنی اقرا عزیز کی پوسٹ پر تبصرے کا ردعمل دیا۔
انہوں نے لکھا کہ 'بھائی پیار سے مسئلہ ہے، تعریف کرنے سے بھی مسئلہ ہے، فخر کرنے سے بھی مسئلہ ہے'۔
مزید پڑھیں: باپ کا بچے کے کپڑے بدلنا کوئی کارنامہ نہیں، شرمیلا فاروقی کا اقرا عزیز کو جواب
یاسر حسین نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ 'بس سیاست کرکے ملک کو برباد کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے'۔
دوسری جانب اداکارہ اقرا عزیز نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں شرمیلا فاروقی کے بیان پر ردعمل دیا۔
اداکارہ اقرا عزیز نے لکھا کہ آپ کے لیے، یہ کوئی بڑی بات نہیں ہو گی لیکن مردوں سے بھری دنیا میں جو اپنی بیویوں کو ہمیشہ نہیں سراہتے جو وہ بچوں کے لیے ماں کے طور پر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا شوہر کرتا ہے! اور اگر وہ میری حمایت کرتا ہے، مدد کرتا ہے اور اس کی تعریف کرتا ہے، تو میں کیوں نہیں؟
اقرا عزیز نے مزید کہا کہ 'خواتین چاہتی ہیں کہ مرد ان کی مدد کریں اور پھر کریں تو کہتی ہیں کوئی فخر کی بات نہیں، برابری دونوں طرف ہونی چاہیے'۔
خیال رہے کہ اقرا عزیز نے 2 ستمبر کو شوہر یاسر حسین کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے نوزائیدہ بیٹے ’کبیر خان‘ کے کپڑے بدلتے دکھائی دیے۔
اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کام پر جانے سے قبل بیٹے کا پیمپر اور کپڑے بدل کے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یاسر حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کی تھیں اور لکھا تھا کہ وہ ان کے آرام کے وقت بیٹے کا خیال رکھتے ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے مختصر کمنٹ میں یاسر حسین کی جانب سے نوزائیدہ بیٹے کے کپڑے بدلنے پر خوشی کا اظہار کیا تاہم ساتھ ہی انہوں نے اقرا عزیز کو یاد دلایا کہ والد کی جانب سے نوزائیدہ بچے کے کپڑے بدلنا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے اور یہ کوئی ایسا مشکل کام نہیں جس پر فخر کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین اور اقرا عزیز کے ہاں بیٹے کی پیدائش
شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کو بتایا کہ دنیا کے تمام اچھے والدین اپنے بچوں کا خیال رکھتے ہیں، وہ نوزائیدہ بچوں کے کپڑے اور پیمپبرز بدلتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید لکھا تھا کہ ان کے شوہر بھی اپنے بچے کے لیے ایسا ہی کام کرتے ہیں اور جب وہ گھر پر نہیں ہوتیں تو ان کے شوہر بیٹے کو دودھ پلانے سمیت ان کا ہر کام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کے ہاں چند ہفتے قبل 23 جولائی کو پہلے بیٹے کبیر خان کی پیدائش ہوئی تھی، دونوں نے 2019 میں شادی کی تھی۔