• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm

’صلاح الدین ایوبی‘ کون بنے گا؟ عدنان صدیقی نے بتادیا

شائع September 4, 2021
تاریخی ڈراما بنانے میں حکومت سے ٹیکس کی مد میں مدد مانگیں گے، عدنان صدیقی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
تاریخی ڈراما بنانے میں حکومت سے ٹیکس کی مد میں مدد مانگیں گے، عدنان صدیقی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نامور اداکار و پرودیوسر عدنان صدیقی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور ترکی کے نجی پروڈکشن ہاؤس کے اشتراک سے بنائے جانے والے تاریخی ڈرامے کے وہ بھی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔

’انڈیپینڈنٹ اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کے چار پاکستانی نژاد پروڈیوسر ہیں، جن میں وہ اور اداکار ہمایوں سعید بھی شامل ہیں جب کہ دیگر دو پروڈیوسرز میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر کاشف انصاری اور جنید علی شاہ شامل ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ پاکستان کے علاوہ ترکی سے بھی مذکورہ ڈرامے کے متعدد پروڈیوسرز ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ تاریخی ڈرامے کی محض 25 فیصد کاسٹ پاکستانی ہوگی جب کہ تین سیزنز پر مشتمل مذکورہ ڈرامے کے پہلے سیزن کی پوری شوٹنگ ترکی میں ہوگی۔

ان کے مطابق ڈرامے کی 75 فیصد کاسٹ ترکی کی ہوگی اور پہلا سیزن مکمل طور پر وہیں شوٹ ہوگا اور اگلے چار ماہ کے اندر پاکستانی اداکاروں کو وہاں بھیج دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان اور ترک اداروں کا صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

عدنان صدیقی نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کو ویب سیریز کی طرح بنایا جائے اور اس کے کم از کم تین سیزن ہوں گے، ہر سیزن میں 34 قسطیں ہوں گی۔

اداکار و پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی پر بننے والے ڈرامے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں، مذکورہ منصوبہ خالصتا نجی اداروں کا ہے، تاہم وہ اسے بنانے کے دوران حکومتوں سے ویزا اور ٹیکس سے متعلق سہولیات کا مطالبہ ضرور کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی ترکی کے مختلف تاریخ نویس لکھ رہے ہیں اور انہیں پاکستانی تاریخ نویس اور تحقیقی لکھاری بھی مدد فراہم کر رہے ہیں۔

دونوں ممالک کے پروڈکشن ہاؤسز کے درمیان اگست میں معاہدہ ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں ممالک کے پروڈکشن ہاؤسز کے درمیان اگست میں معاہدہ ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

ان کے مطابق ڈرامے کی شوٹنگ بیک وقت دو زبانوں میں یعنی اردو اور ترک زبان میں ہوگی، جو اداکار جو زبان بولتا ہوگا، وہ اسی میں اپنے ڈائیلاگ ادا کرے گا، تاہم بعد میں سیریز کو ابتدائی طور پر دونوں زبانوں میں مکمل طور پر ترجمہ کیا جائے گا۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوسکا کہ مذکورہ ڈرامے کو کن ٹی وی چینلز پر نشر کیا جائے گا، اس ضمن میں پہلے سیزن کی شوٹنگ کے دوران معاملات طے کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: صلاح الدین ایوبی پر سیریز کا ہدف مسلمانوں سے زیادہ غیر مسلم ہیں، پروڈیوسرز

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ بھی مذکورہ ڈرامے کی کاسٹ کا حصہ بننے کے لیے آڈیشن دیں گے جب کہ ہمایوں سعید بھی ایسا ہی کریں گےاور اگر وہ کسی اچھے کردار میں فٹ بیٹھیں تو ضرور کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جنگجو صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار پاکستانی نہیں بلکہ ترک اداکار کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستانی اور ترکی کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے درمیان گزشتہ ماہ اگست میں جنگجو صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے سے متعلق سربیا میں معاہدہ طے پایا تھا۔

اس سے قبل کاشف انصاری فلمز پروڈکشن کے ساتھ ہی عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید نے ترکی کا معروف ڈراما ’ارطغرل غازی‘ بنانے والی کمپنی کے ساتھ بھی ’ترک لالا‘ نامی ڈرامے بنانے سے متعلق معاہدہ کر رکھا ہے اور اسے بھی حکومتی معاونت حاصل ہوگی۔

عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید نے ترک پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ ایک ہی سال میں دوسرے بڑے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، تاہم تاحال ان کے کسی بھی منصوبے پر شوٹنگ کا آغاز نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024