• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

طالبان وفد کی قطر میں پاکستانی سفیر سے ملاقات، سرحدی نقل و حمل پر تبادلہ خیال

شائع September 4, 2021
افغان وفد کے اعزاز میں پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ نے عشائیہ بھی دیا — فوٹو: اے پی پی
افغان وفد کے اعزاز میں پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ نے عشائیہ بھی دیا — فوٹو: اے پی پی

طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان کے وفد نے قطر میں پاکستانی سفیر سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی اور احترام کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ 'ملاقات دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے میں ہوئی جہاں طالبان کے وفد کی قیادت ان کے سیاسی سربراہ شیر محمد عباس استانکزئی نے کی اور پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ سے ملاقات کی'۔

انہوں نے کہا کہ 'دونوں فریقین نے انسانی امداد، باہمی دلچسپی اور احترام کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا'۔

سہیل شاہین نے کہا کہ ملاقات میں افغانستان کی تعمیر نو اور طورخم اور اسپن بولدک بارڈرز پر لوگوں کی نقل و حمل میں سہولت کے معاملات بھی زیر غور آئے۔

مزید پڑھیں: طالبان حکومت کو یکطرفہ طور پر قبول نہیں کریں گے، پاکستان کی عالمی برادری کو یقین دہانی

افغان وفد کے اعزاز میں پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ نے عشائیہ بھی دیا۔

افغان طالبان نے کابل میں حکومت کی باضابطہ تشکیل سے قبل اپنی سفارتی کوششیں بڑھا دی ہیں۔

گزشتہ چند روز کے دوران انہوں نے دوحہ میں جرمنی اور برطانیہ کے سفرا سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

دوحہ میں برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی سائمن گاس سے ملاقات کے متعلق طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سہیل شاہین کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 'برطانوی وفد نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی انسانی معاونت میں اضافہ کردیا ہے اور مستقبل میں بھی اسلامی امارات افغانستان سے تعاون کے لیے تیار ہے'۔

شیر محمد عباس استانکزئی نے افغانستان کے لیے جرمنی کے سفیر مارکس پوٹزیل سے بھی ملاقات کی اور انسانی تعاون، سیاسی اور سیکیورٹی معاملات پر گفتگو کی۔

جرمن سفیر کے ساتھ طالبان کے وفد نے اقتصادی ترقی اور انسانی تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ 'جرمنی کے وفد نے افغانستان کے لیے انسانی تعاون بڑھانے اور اسے جاری رکھنے پر زور دیا'۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024