• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان، افغانستان میں امن کیلئے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کرے گا، دفتر خارجہ

شائع September 3, 2021
دفتر خارجہ نے  افغانستان میں امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
دفتر خارجہ نے افغانستان میں امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن، ترقی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد سے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ گہرے روابط قائم کیے ہوئے ہے اور دنیا کے متعدد عالمی رہنما وزیراعظم عمران خان یا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی وزیرخارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ایجنڈے پر افغانستان سرفہرست

اس بات چیت کا زیادہ تر حصہ غیر ملکیوں اور خطرات کے شکار افغان شہریوں کو افغانستان سے نکالنے پر مرکوز رہا۔

پاکستان کی مدد سے دنیا کے تقریباً 38 ممالک سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 12 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالا گیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کی انخلا کے لیے فراہم کردہ سہولت کو عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں نے بڑے پیمانے پر تسلیم کیا۔

چنانچہ اب جبکہ انخلا کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے تو توجہ مستقبل کی افغان حکومت، اس کی پہچان، بڑھتے ہوئے انسانی بحران اور امن و استحکام کے امکانات کی جانب ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں 'پائیدار حل' کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے، امریکی قانون ساز

برطانوی سیکریٹری برائے خارجہ، کامن ویلتھ اور ترقیاتی امور، ڈومینک راب افغانستان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستانی قیادت سے بات چیت کے لیے اس وقت پاکستان کے دو روزہ دورے پر موجود ہیں۔

دوسری جانب امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔

امریکی جنرل کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سینئر رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول پاکستان اور خطے کے موجودہ سیکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان دنیا پر مسلسل زور دے رہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ رابطہ برقرار رکھے اور ساتھ ہی اس مرحلے پر افغانستان کو نظر انداز کرنے کے حوالے سے خبردار بھی کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا افغانستان کے مشکل وقت میں پاکستان کے کردار کی معترف ہے، وزیر خارجہ

افغانستان کے حوالے سے اس وقت اہم خدشات خوراک اور طبی سامان کی قلت اور بڑے پیمانے پر معاشی تباہی کا خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ تعمیری طور پر منسلک ہوں جس میں ملک کی معیشت، تعمیر نو، بحالی اور انسانی ضروریات میں تعاون کرنا شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024