• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'زندگی بہت مختصر ہے' سدھارتھ شکلا کی پرانی ٹوئٹ وائرل

شائع September 3, 2021
سدھارتھ شکلا کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سدھارتھ شکلا کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ٹی وی ڈراموں کے مقبول اداکار سدھارتھ شکلا کے انتقال کے بعد زندگی سے متعلق ان کی کچھ پرانی ٹوئٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جنہیں ان کے مداحوں کی جانب سے بھی شیئر کیا جارہا ہے۔

سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی کچھ ٹوئٹس وائرل ہورہی ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ زندگی بہت مختصر ہے جبکہ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے زندگی کو غیر متوقع قرار دیا تھا۔

فروری میں کی گئی ٹوئٹ میں سدھارتھ شکلا نے لکھا تھا کہ 'زندگی بہت مختصر ہے یہ فکر کرنے کے لیے کہ دوسرے کیا کہتے ہیں یا آپ کے بارے میں سوچتے ہیں صرف زندگی سے لطف اندوز ہوں اور ان کو بات کرنے دیں'۔

اس سے قبل ستمبر 2020 میں کی گئی ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ 'آپ جو کچھ آج کرتے ہیں وہ آپ کے مستقبل کا فیصلہ کرتا ہے، آپ صرف ایک مرتبہ جیتے تو اسے شیر کی طرح جیئیں چاہے وہ ایک دن کی ہی کیوں ہو، بجائے اس کے کہ آپ زندگی کو بھیڑ کی طرح بسر کریں'۔

سدھارتھ شکلا کے انتقال پر بھارتی میڈیا انڈسٹری اور ان کے مداح گہرے دکھ اور صدمے میں ہیں جبکہ ان کے حوالے سے 'Rest in Peace' کا ہیش ٹیگ پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا تھا۔

مزید پڑھیں: 'بگ باس 13' کے فاتح سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

خیال رہے کہ اداکار سدھارتھ شکلا 2 ستمبر کو انتقال کرگئے تھے، وہ رات کو سوئے اور صبح بیدار نہ ہوسکے جس کے بعد انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

سدھارتھ شکلا کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ابتدائی طور پر کوپر ہسپتال کے سینئر عہدیدار نے کہا تھا کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تاہم بھارتی میڈیا کی مختلف رپورٹس میں ان کی موت کی وجوہات سے متعلق مختلف دعوے کیے جارہے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کے خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ رات کو 3 بجے سدھارتھ کو سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی اور انہوں نے اپنی والدہ کو بھی بتایا تھا۔

انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ذرائع کے مطابق 'رات کو 3 بجے سدھارتھ کی طبیعت ناساز ہوئی تھی، انہوں نے اپنی والدہ کو سینے میں تکلیف سے آگاہ کیا تھا، ان کی والدہ نے انہیں پانی دیا تھا جس کے بعد وہ سوگئے تھے مگر وہ صبح بیدار نہیں ہوئے'۔

مزید بتایا گیا کہ 'ان کی والدہ نے جگانے کی کوشش کی تو وہ نہیں اٹھے جس کے بعد ان کی بہن نے ڈاکٹر کو بلایا جس نے انہیں مردہ قرار دیا اور فوری ہسپتال جانے کو کہا'۔

ذرایع کے مطابق '2 ستمبر کو صبح 9 بج کر 40 منٹ پر سدھارتھ شکلا کو ہسپتال لے جایا گیا تھا اور 10 بج کر 15 منٹ پر جب ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کی تو اس وقت وہاں ان کی بہن، بہنوئی، کزن اور 3 دوست موجود تھے'۔

وہ بگ باس سیزن 13 کے فاتح تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
وہ بگ باس سیزن 13 کے فاتح تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ سدھارتھ شکلا نے ماڈلنگ کے ذریعے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے ٹی وی شو 'بابل کا آنگن چھوٹے نا' میں مرکزی کردار سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

بعدازاں انہوں نے 'جانے پہچانے سے یہ اجنبی'، 'دل سے دل تک' اور 'لو یو زندگی' جیسے ڈراموں میں اداکاری کی لیکن 'بالیکا ودھو' سے انہیں بہت مقبولیت ملی، وہ 'سی آئی ڈی' اور 'آہٹ' کا حصہ بھی رہے۔

سدھارتھ شکلا 'جھلک دکھلا جا 6'، 'فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی 7'، 'بگ باس 13' اور 'بگ باس 14' جیسے ریئلٹی شوز کا بھی حصہ رہے۔

انہوں نے 'خطروں کے کھلاڑی 7' اور 'بگ باس سیزن 13' بھی جیتا تھا جس نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کردیا تھا۔

بھارتی ڈرامے بالیکا ودھو سے انہیں بے حد مقبولیت ملی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بھارتی ڈرامے بالیکا ودھو سے انہیں بے حد مقبولیت ملی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار نے 2014 میں کرن جوہر کی پروڈکشن میں بنائی گئی فلم 'ہمپٹی شرما کی دلہنیا' سے بولی وڈ ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے معاون کردار ادا کیا تھا۔

سدھارتھ شکلا نے اپنی قریبی دوست اور بگ باس کی سابق کنٹیسٹنٹ شہناز گِل کے ساتھ 'بھلا دوں گا' اور 'شونا شونا' سمیت کئی میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس سیزن 10 میں حصہ لینے والے سوامی اوم چل بسے

انہوں نے رواں برس 'بروکن بٹ بیوٹی فل 3' نامی ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

وہ آخری مرتبہ بگ باس او ٹی ٹی اور ڈانس دیوانے میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے۔

سدھارتھ شکلا کی موت پر جہاں ان کے مداح غمزدہ ہیں وہیں ان کی قریبی دوست شہناز گل کے حوالے سے بی مختلف خبریں زیر گردش ہیں کہ ان کے انتقال پر وہ بہت دکھ میں ہیں۔

شہناز گل اور سدھارتھ شکلا نے بگ باس 13 میں ایک ساتھ شرکت کی تھی جس کے بعد ان کے درمیان تعلق کی خبریں بھی بھارتی میڈیا میں گردش کرتی رہیں اور ماضی میں ان کی شادی کے حوالے سے چہ مگوئیاں بھی رہیں لیکن دونوں کی جانب سے ان دعووں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

شہناز گل اور سدھارتھ شکلا کے تعلق کی خبریں بھی بھارتی میڈیا میں زیرگردش تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شہناز گل اور سدھارتھ شکلا کے تعلق کی خبریں بھی بھارتی میڈیا میں زیرگردش تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٓ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024