• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماڈل میرب علی بھی 'صنفِ آہن' کا حصہ بن گئیں

شائع September 3, 2021
ممکنہ طور پر ڈرامے کی کہانی فوجی خواتین کے گرد گھومے گی—فوٹو: انسٹاگرام
ممکنہ طور پر ڈرامے کی کہانی فوجی خواتین کے گرد گھومے گی—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ دنوں اداکار عثمان مختار کو آنے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’صنف آہن‘ میں شامل کیا گیا تھا اور اب ماڈل میرب علی بھی اس ڈرامے کا حصہ بن گئی ہیں۔

میرب علی نے سوشل میڈیا پر یمنیٰ زیدی کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے 'صنفِ آہن' میں کاسٹ ہونے سے متعلق بتایا۔

تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شاید یمنیٰ زیدی کی چھوٹی بہن یا دوست کا کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: عثمان مختار بھی ’صنف آہن‘ میں کاسٹ

انہوں نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے پوئے لکھا کہ 'اس حیرت انگیز پروجیکٹ کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز ہے'۔

جس پر جواب دیتے ہوئے اداکارہ یمنیٰ زیدی نے انہیں خوبصورت قرار دیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل یمنیٰ زیدی نے بھی صنفِ آہن کی شوٹنگ کی تصویر شیئر کی تھی۔

ڈرامے کے حوالے سے چند دن قبل اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی 5 فوجی خواتین کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔

’صنف آہن‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دیں گے اور اسے اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

ڈرامے کو ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' نے بھی معاونت کی ہے۔

اس کی مرکزی کاسٹ میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں۔

تمام اداکاراؤں نے بھی رواں برس جون میں ’صنف آہن‘ سے متعلق انسٹاگرام پوسٹس کی تھیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ پانچوں مرکزی اداکارائیں ایک ساتھ کام کریں گی۔

ڈرامے میں سائرہ یوسف، سجل علی، یمنٰی زیدی، کبریٰ خان اور رمشا خان مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
ڈرامے میں سائرہ یوسف، سجل علی، یمنٰی زیدی، کبریٰ خان اور رمشا خان مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024