• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی اداکارہ و رکن اسمبلی نصرت جہاں کے ہاں بچے کی پیدائش

شائع September 2, 2021
نصرت جہاں زیادہ تر بنگالی فلموں میں کام کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نصرت جہاں زیادہ تر بنگالی فلموں میں کام کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ و آل انڈیا ترینیمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کی رکن لوک سبھا نصرت جہاں روحی کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ کے ہاں گزشتہ ہفتے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

نصرت جہاں روحی نے کولکتا کے نجی ہسپتال میں بیٹے کو جنم دیا اور بچے کی پیدائش کے وقت ان کے بوائے فرینڈ اداکار و بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما یش دسگپتا بھی ان کے ساتھ تھے۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز ناؤ‘ نے بتایا کہ نصرت جہاں روحی کا آپریشن کیا گیا تھا اور ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد یش دسگپتا نوزائیدہ بچے کو اٹھائے ہوئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نصرت جہاں نے تاحال بچے کے والد کی تصدیق نہیں کی، جس کی وجہ سے کئی لوگ پریشان ہیں اور ان پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

اداکارہ نے جون 2019 میں نکھل جین سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے جون 2019 میں نکھل جین سے شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و رکن اسمبلی نے بچے کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد 2 ستمبر کو انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی بتایا کہ ان کی تصویر بچے کے والد نے کھینچیں، تاہم انہوں نے بیٹے کے باپ کا نام نہیں لکھا۔

اداکارہ کے بیٹے کے والد پر اس لیے تنازع ہے، کیوں کہ وہ شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد امید سے ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: شادی ختم ہونے کے بعد نصرت جہاں کی ’امید‘ سے ہونے کی خبریں

نصرت جہاں نے رواں برس جون میں کہا تھا کہ انہوں نے 2019 میں نکھل جین سے ترکی میں وہاں کے قانون کے مطابق شادی کی تھی مگر چوں کہ بیرون ملک کا قانون بھارت میں تسلیم نہیں ہوتا، اس لیے طلاق کے بغیر ہی ان کی شادی ازخود ختم ہوگئی۔

نصرت جہاں روحی نے کہا تھا کہ ان کی شادی ترکی میں ہوئی تھی اور ان کے شوہر دوسرے مذہب سے تعلق رکھتے تھے، ان کی شادی بھارتی قانون کے مطابق نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے وہ نہ تو طلاق لے سکتی ہیں اور نہ انہیں طلاق دی جا سکتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ یش دسگپتا کے بچے کی ماں بنی ہیں، تاہم دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: فیس بک
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ یش دسگپتا کے بچے کی ماں بنی ہیں، تاہم دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: فیس بک

نصرت جہاں کا کہنا تھا کہ نکھل جین سے ان کی شادی ایک طرح سے پارٹنرشپ تھی، جس کے ختم ہونے پر طلاق کی ضرورت نہیں پڑتی۔

مسلمان اداکارہ و رکن اسمبلی نے ہندو صنعت کار سے 2019 میں شادی کی تھی۔

سال 2020 میں نصرت جہاں کے بی جے پی رہنما اور اداکار یش دسگپتا سے تعلقات کی خبریں عام ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے شادی ختم ہونے کے دعوے کرنے کے بعد اپنے حاملہ ہونے کی بھی تصدیق کی۔

بھارتی میڈیا میں پہلے ہی چہ مگوئیاں تھیں کہ نصرت جہاں یش دسگپتا کے بچے کی ماں بننے والی ہیں اور اب جب ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی ہے تو لوگ ان سے بیٹے کے باپ کا نام پوچھ رہے ہیں مگر تاحال انہوں نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے بتایا کہ نصرت جہاں کے سابق شوہر نکھل جین نے نوزائیدہ بچے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024