• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'بگ باس 13' کے فاتح سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

شائع September 2, 2021
سدھارتھ شکلا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک
سدھارتھ شکلا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا —فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو 'بگ باس' کے سیزن 13 کے فاتح اور بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا دل کا دورہ پڑنے کے باعث 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال نے تصدیق کی کہ ان کا انتقال آج (2 ستمبر) کی صبح ہوا۔

قبل ازیں ہسپتال ذرائع نے کہا تھا کہ انہوں نے سونے سے قبل کوئی دوا کھائی تھی اور پھر وہ جاگ نہ سکے۔

مزید پڑھیں: بگ باس سیزن 10 میں حصہ لینے والے سوامی اوم چل بسے

تاہم بعد ازاں کوپر ہسپتال نے تصدیق کی کہ سدھارتھ شکلا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
انہیں مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کوپر ہسپتال میں سدھارتھ شکلا کا پوسٹ مارٹم جاری ہے اور جلد ہی لاش کو ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا، ان کے پسماندگان میں ان کی والدہ اور 2 بہنیں شامل ہیں۔

دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو کوپر ہسپتال کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سدھارتھ شکلا کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'کچھ دیر قبل ہی سدھارتھ شکلا کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا'۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس 14 کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا ساڑھے 4 ارب روپے کا معاہدہ

خیال رہے کہ سدھارتھ شکلا نے ماڈلنگ کے ذریعے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے ٹی وی شو 'بابل کا آنگن چھوٹے نا' میں مرکزی کردار سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

وہ بگ باس سیزن 13 کے فاتح تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
وہ بگ باس سیزن 13 کے فاتح تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بعدازاں انہوں نے 'جانے پہچانے سے یہ اجنبی'، 'دل سے دل تک' اور 'لو یو زندگی' جیسے ڈراموں میں اداکاری کی لیکن 'بالیکا ودھو' سے انہیں بہت مقبولیت ملی، وہ 'سی آئی ڈی' اور 'آہٹ' کا حصہ بھی رہے۔

سدھارتھ شکلا 'جھلک دکھلا جا 6'، 'فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی 7'، 'بگ باس 13' اور 'بگ باس 14' جیسے ریئلٹی شوز کا بھی حصہ رہے۔

انہوں نے 'خطروں کے کھلاڑی 7' اور 'بگ باس سیزن 13' بھی جیتا تھا جس نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کردیا تھا۔

اداکار نے 2014 میں کرن جوہر کی پروڈکشن میں بنائی گئی فلم 'ہمپٹی شرما کی دلہنیا' سے بولی وڈ ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے معاون کردار ادا کیا تھا۔

بھارتی ڈرامے بالیکا ودھو سے انہیں بے حد مقبولیت ملی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بھارتی ڈرامے بالیکا ودھو سے انہیں بے حد مقبولیت ملی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سدھارتھ شکلا نے اپنی قریبی دوست اور بگ باس کی سابق کنٹیسٹنٹ شہناز گِل کے ساتھ 'بھلا دوں گا' اور 'شونا شونا' سمیت کئی میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا۔

انہوں نے رواں برس 'بروکن بٹ بیوٹی فل 3' نامی ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

وہ آخری مرتبہ بگ باس او ٹی ٹی اور ڈانس دیوانے میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے۔

سدھارتھ شکلا کی اچانک موت پر بھارتی شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اداکار و کامیڈین سنیل گروور نے کہا کہ سدھارتھ شکلا کی موت کا سن کر بہت دکھ ہوا وہ بہت جلدی چلے گئے۔

بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ وہ سدھارتھ کی موت کو قبول نہیں کر پا رہیں، انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ آپ سے محبت کرتے تھے۔

اداکارہ کیارا اڈوانی نے سدھارتھ شکلا کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت بھی کی۔

بولی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ سدھارتھ شکلا کی موت پر صدمے میں ہیں، وہ بہت جلدی چلے گئے اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے لکھا کہ انتہائی باصلاحیت اور مقبول اداکار کے انتقال کے بارے میں سن کر دکھ اور صدمہ ہوا۔

علاوہ ازیں پاکستانی اداکارہ اریبہ حبیب نے بھی سدھارتھ شکلا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024