• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

معروف بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کر گئے

شائع September 2, 2021
مقبول حریت رہنما سید علی گیلانی 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
مقبول حریت رہنما سید علی گیلانی 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

معروف کشمیری حریت رہنما اور جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون سید علی گیلانی 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق بزرگ حریت رہنما کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ آج شام انتقال کر گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کشمیر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علی گیلانی کے انتقال کے بعد بھارتی فوج نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے گھر جانے والے راستوں پر باڑ لگا دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینکڑوں سیکیورٹی فورسز کو انتقال کی خبر آتے ہی تعینات کردیا گیا جبکہ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرفیو لگانے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کی جا رہی ہے۔

سید علی گیلانی کے گھر کے قریب واقع مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کر کے حریت رہنما کے گھر کی جانب مارچ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے لیکن اس علاقے میں درجنوں مسلسح دستے گشت کررہے ہیں اور پولیس نے عوام کو گھروں سے نہ نکلنے کی دھمکی دی ہے۔

قابض بھارتی فوج کے خلاف سیاسی جدوجہد کی علامت تصور کیے جانے والے سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے اور وہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی تھے۔

وہ گزشتہ کئی سالوں سے گھر میں نظربند تھے، وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے کے سخت مخالف تھے اور انہوں نے کئی سالوں تک کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی قیادت کی۔

وہ پہلے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن تھے لیکن بعد میں انہوں نے تحریک حریت کے نام سے اپنی جماعت قائم کی تھی۔

وہ 1972، 1977 اور 1987 میں تین مرتبہ جموں و کشمیر کے حلقہ سوپور سے مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔

بھارتی جبر اور تسلط کے خلاف ڈٹے رہنے والے سید علی گیلانی گزشتہ 11سال سے گھر میں نظر بند اور کئی ماہ سے علیل تھے۔

انہوں نے 1960 کی دہائی میں کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی تحریک شروع کی اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھارت سے علیحدگی کا بھی مطالبہ کیا۔

وہ 1962 کے بعد 10سال تک جیل میں رہے اور اس کے بد بھی اکثر انہیں ان کے گھر تک محدود کردیا جاتا تھا۔

گزشتہ سال وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے وہ 1993 میں قیام کے بعد سے رکن تھے جبکہ 2003 میں انہیں اس تحریک کا تاحیات چیئرمین منتخب کر لیا گیا تھا۔

گزشہ ماہ آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کہا تھا کہ 11سالہ نظربندی کے سید علی گیلانی کی صحت پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ان کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔

ان کی نماز جنازہ جمعرات کو سری نگر کے مزار شہدا میں ادا کی جائے گی۔

وزیر اعظم کا ایک روزہ یوم سوگ کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز حریت رہنما کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری زندگی کشمیر کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے فریڈم فائٹر سید علی گیلانی کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا، انہوں نے بھارتی فوج کی قید اور صعوبتوں کو برداشت کیا لیکن اپنے عزم پر قائم رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ یاد رہیں گے کہ 'ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے'۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال پر آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور آج سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے حریت رہنما کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان نے سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا تھا۔

کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ٹوئٹ کی کہ محترم سید علی گیلانی کشمیر کے وقت آج رات 10 بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاش وہ آزاد کشمیر کی جھلک دیکھ پاتے لیکن ان کی زندگی کی جدوجہد ہمارے لیے مثال ہے کہ ہمیں اس جبر اور قابض فورسز کے خلاف ڈٹے رہنا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بزدل قابض فورسز سید علی گیلانی کے اہلخانہ کو دھمکیاں دے رہی ہے کہ وہ ان کی لاش کو 30منٹ میں دفنا دیں یا پھر وہ ان کی لاش کو سرینگر سے دور کسی بے نام قبر میں دفنا دیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی فوج آگ سے نہ کھیلے اور عوامی ردعمل کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین شہر آفریدی نے سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے اپنا بھیانک چہرہ دکھاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں نافذ کردی ہیں اور انٹرنیٹ سروس منسوخ کردی گئی ہے تاکہ عوام کو ان کی آخری رسومات میں شرکت سے روکا جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے بھی مشعال ملک کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس سیدعلی گیلانی کی لاش حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ عوام کو نماز جنازہ میں شرکت سے روکا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمے دار بھارتی سرکار ہو گی۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ مضبوبہ مفتی نے سید علی گیلانی کی رحلت پت گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024