سام سنگ کا نیا کم قیمت فلیگ شپ فون کیسا ہوگا؟
سام سنگ کی جانب سے ستمبر کے آخر یا اکتوبر میں فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 کا سستا ورژن متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
یعنی گلیکسی ایس 21 ایف ای کو متعارف کرائے جانے میں ابھی کئی ہفتے باقی ہیں مگر اس کے بارے میں تمام تر تفصیلات لیک ہوکر سامنے آگئی ہیں۔
ویسے اس فون کے بارے میں پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ 8 ستمبر کو پیش کیا جاسکتا ہے مگر چپس کی عالمی قلت کے باعث اسے التوا میں ڈال دیا گیا۔
سام سنگ کی جانب سے بھی اس فون کے آفیشل پوسٹرز کو جاری کیا جاچکا ہے اور اب ایک لیک میں یوزر مینوئل میں موجود تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
لیک کے مطابق فون میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ ڈسٹ اور واٹر ریزیزٹنس خصوصیات کا حامل بھی ہوگا۔
فون کا ڈیزائن گلیکسی ایس 21 سے ملتا جلتا ہوگا اور ریفریش ریٹ بھی وہی ہوگا۔
اس کے علاوہ وائرلیس ڈیکس اور سام سنگ پے کے ساتھ ساتھ ڈولبی ایٹموس ساؤنڈ جیسے فیچرز بھی فون کا حصہ ہوں گے۔
ڈیوائس میں اسنیپ ڈراگون 888 اور ایکسینوس 2100 پراسیسرز (مخصوص مارکیٹس میں) دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن ہوں گے۔
اسٹوریج میں اضافے کے لیے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ بھی دی جائے گی۔
4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی جائے گی مگر فون کے ساتھ چارجر نہیں ہوگا جبکہ ہیڈفون جیک بھی نہیں دیا جائے گا۔
فون کے بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر ایک کیمرا ہوگا۔
خیال رہے کہ سام سنگ نے 2020 میں پہلی بار ایس سیریز کا کم قیمت ورژن ایس 20 ایف ای کی شکل میں متعارف کرایا تھا جو بہترین فیچرز اور مناسب قیمت کے باعث بہت مقبول بھی ہوا۔
گزشتہ سال کے ماڈل کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہی سام سنگ نے اس سال بھی ایس 21 کا ای ای ماڈل پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔