• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان، سرفراز ڈراپ

شائع September 1, 2021
اسکواڈ میں صہیب مقصود بھی جگہ نہ بنا سکے— فائل فوٹو: اے ایف پی
اسکواڈ میں صہیب مقصود بھی جگہ نہ بنا سکے— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا اور سابق کپتان سرفراز احمد کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی واپسی ہوئی ہے جبکہ نوجوان فاسٹ باؤلرز شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور زاہد محمود کو پہلی مرتبہ قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاستہ بنانے کی ویڈیو پر عالیہ رشید کا تبصرہ، سرفراز کا اظہارِ برہمی

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے گئے حارث سہیل، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جگہ نہیں بنا سکے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل یہ سیریز ہمارے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائرز کا بھی حصہ ہے لہٰذا ہم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ایک متوازن اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے شاہنواز دھانی کو لاجسٹک مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل 6 میں عمدہ کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کے لیے اسکواڈ میں جگہ نہیں مل سکی تھی تاہم انہیں اب نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

محمد وسیم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد وسیم جونیئر کو محدود اوورز کی کرکٹ میں مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اور عثمان قادر کی موجودگی کے باوجود لیگ اسپنر زاہد محمود کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ سے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو ہوم سیریز میں مواقع دینا ہے، زاہد نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پچاس اوورز کی کرکٹ میں بہتر کھیل پیش کرچکے ہیں۔

محمد وسیم نے کہا کہ محمد رضوان ہمارے فرسٹ چوائس وکٹ کیپر ہیں لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ سرفراز احمد کی جگہ 20 سالہ محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے، اس سے ناصرف محمد حارث کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا صلہ ملے گا بلکہ قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کے ماحول میں وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ سے سیریز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت

انہوں نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ ہمارے لیے ایک خدشہ رہا ہے تاہم چند مختلف کھلاڑیوں کو آزمانے کے بعد ہم نے دوبارہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، یہ دونوں بلے باز وائیٹ بال کرکٹ کا مناسب تجربہ رکھتے ہیں اور میں پرامید ہوں کہ یہ ہوم کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ اسکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر چند کھلاڑی مایوس ضرور ہوئے ہوں گے تاہم پاکستان کو آئندہ چند ماہ میں بہت کرکٹ کھیلنی ہے جس میں محدود طرز کی کرکٹ کے میچز کی تعداد بھی زیادہ ہے لہٰذا جو کھلاڑی اس اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں، انہیں آئندہ میچز میں مواقع مل سکتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے تین ون ڈے میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

سیریز کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، افتخار احمد، حارث رؤف، حسن علی، محمد حارث(وکٹ کیپر)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور زاہد محمود۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024