• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف اور عمران خان نے ہمارا منشور کاپی کیا، بلاول بھٹو زرداری

شائع September 1, 2021
سندھ حکومت 15 اضلاع میں 13 لاکھ خاندانوں کی مدد کر رہی ہے، بلاول بھٹو—اسکرین شاٹ
سندھ حکومت 15 اضلاع میں 13 لاکھ خاندانوں کی مدد کر رہی ہے، بلاول بھٹو—اسکرین شاٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا نام تبدیل کرنے پر کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان نے پیپلز پارٹی کا منشور کاپی کیا۔

سندھ کے شمالی ضلع گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک سے غربت ختم کرنا اور خواتین کو مالی طور پر مستحکم اور خود مختار کرنا ان کی پارٹی اور شہید بینظیر بھٹو کا منشور تھا۔

ان کے مطابق ان کے دیے گئے منشور اور پروگرام کو اگرچہ نواز شریف اور عمران خان نے آگے چلایا مگر اس کے نام تبدیل کیے گئے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ پر بینظیر بھٹو کی تصویر کی جگہ کسی اور کی تصویر لگانے یا پھر اس کا نام ’احساس‘ رکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ میاں صاحب اور خان صاحب نے ان کا منشور چرایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے اور حکومت کو کوئی احساس ہی نہیں۔

پی پی چیئرمین نے سوال کیا کہ عمران خان نے ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا؟ کیا آج تک انہوں نے سندھ میں کوئی ایک بھی گھر بنایا؟

یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے واقعات پر چین کے تحفظات دور کیے جائیں، بلاول بھٹو زرداری

ساتھ ہی انہوں نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس او) کے تحت صوبے بھر میں 23 ہزار سے زائد گھر بنائے جا چکے ہیں۔

ان کے مطابق اسی پروگرام کے تحت 6 ہزار سے زائد لوگوں کو صحت انشورنس فراہم کی گئی جب کہ 18 ہزار افراد کو مالی طور پر مستحکم کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے ساتھ دینے کا وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور حکومت و اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ سندھ بھر کی خواتین سیاست میں آگے آئیں۔

مزید پڑھیں: سلیکٹڈ حکومت ایک بار پھر ہر طرف سے حملہ آور ہے، بلاول

انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ملک میں مقامی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے ان کی پارٹی نے یونین کونسل کی سطح تک خواتین اور نوجوانوں کے لیے مخصوص سیٹس کا اعلان کیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ دیہات کی خواتین آگے آئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب سندھ کے گوٹھوں کی خواتین وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو کی جگہ لیں گی۔

گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرنے کے علاوہ بلاول بھٹو زراری نے یکم ستمبر کو سندھ کے مختلف اضلاع اور شہروں میں جلسوں سے خطاب کیا، جن میں انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں 13 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر مختلف شہروں میں منعقد ہونے والے جلسوں میں مالی معاونت حاصل کرنے والی خواتین کی تقریروں کی ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Zaheer Ahmed Sep 02, 2021 07:49am
Hilarious. He has a good sense of humour

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024