• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سائرہ بانو خرابی صحت کے باعث ہسپتال منتقل

شائع September 1, 2021
سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کا دیرینہ مسئلہ ہے، دلیپ کمار اس متعلق کتاب میں بھی ذکر کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کا دیرینہ مسئلہ ہے، دلیپ کمار اس متعلق کتاب میں بھی ذکر کر چکے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ کے لیجنڈری مرحوم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کو خرابی صحت کے باعث ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق سائرہ بانو کو تین دن قبل ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 77 سالہ سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کے مسائل کی وجہ سے ہندوجا ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر یکم ستمبر کو ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی، جس کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا۔

اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے ہسپتال انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ سائرہ بانو کو آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے لیکن ان کی صحت بہتر ہے اور اس میں بدستور بہتری آ رہی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سائرہ بانو کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا اور ہسپتال میں کورونا مریضوں کو نہیں رکھا جاتا۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ سائرہ بانو کی طبیعت میں بہتری نہ آنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

دلیپ کمار رواں برس 7 جولائی کو انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
دلیپ کمار رواں برس 7 جولائی کو انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

یہ پہلا موقع ہے کہ سائرہ بانو کو بلڈ پریشر کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اس سے قبل وہ ہمیشہ اپنے مرحوم شوہر دلیپ کمار کی بیماری کی وجہ سے ان کے ساتھ ہسپتال جایا کرتی تھیں۔

دلیپ کمار رواں برس 7 جولائی کو 99 سال کی عمر میں متعدد طبی مسائل اور طویل العمری کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

سائرہ بانو نے دلیپ کمار سے 11 اکتوبر 1966 کو شادی کی تھی، اس وقت دلیپ کمار 44 سال جب کہ سائرہ بانو 22 سال کی تھیں۔

سائرہ بانو اور دلیپ کمار نے 1966 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
سائرہ بانو اور دلیپ کمار نے 1966 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دونوں کی ازدواجی زندگی 55 برس تک رہی اور 7 جولائی 2021 کو دلیپ کمار کی موت ہوگئی، دونوں کی کوئی بھی اولاد نہیں ہے۔

دلیپ کمار نے 2014 میں اپنی سوانح عمری میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے ہاں 1972 میں بچے کی پیدائش متوقع تھی مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔

دلیپ کمار نے کتاب میں بتایا تھا کہ بلڈ پریشر سمیت دیگر طبی وجوہات کی وجہ سے سائرہ بانو کا 8 ماہ کا حمل ضائع ہوگیا تھا اور اسی وقت ہی ڈاکٹرز نے انہیں بتادیا تھا کہ اب اداکارہ دوبارہ ماں نہیں بن پائیں گی۔

سائرہ بانو کم عمری میں ہی دلیپ کمار پر فدا ہوگئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
سائرہ بانو کم عمری میں ہی دلیپ کمار پر فدا ہوگئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024