سندھ اور بلوچستان میں آج سے بارش کا امکان، کراچی میں سیلابی صورتحال کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جو آج سے جمعہ تک جاری رہے گی۔
ایک بیان میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ 31 اگست سے 3 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، کراچی، جامشورو، دادو، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، کوہلو، برخان، سبی، لورالائی، موسٰی خیل، ژوب، زیارت، کوئٹہ، پشین، مستونگ، نصیر آباد، قلات، خضدار، لسبیلہ اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں شدید بارش، مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال
اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی آج اور کل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبوں میں گرم اور مرطوب موسم کی صورتحال ان دنوں کم ہو جائے گی۔
تاہم اس نے خبردار کیا کہ آندھی اور طوفان سے نقصان کا بھی امکان ہے۔
حکام کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدید بارش سے کراچی، ٹھٹہ، بدین اور حیدرآباد میں سیلابی صورتحال دیکھی جاسکتی ہے۔
اس نے خبردار کیا کہ جمعرات اور جمعہ کو کوہ سلیمان اور مشرقی بلوچستان میں ندی نالوں اور بارشوں کے لیے بنائے گئے نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال
دریں اثنا کراچی کے کئی علاقوں بشمول سعدی ٹاؤن، گلشن حدید اور گڈاپ میں آج سہ پہر ہلکی بارش ہوئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں 12 جولائی کو مون سون کی پہلی بارش ہوئی تھی جس نے شہر کے شہری اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو تباہ کر دیا تھا جس سے اگست 2020 جیسی صورتحال کے خدشات بڑھ گئے تھے جب کئی افراد ہلاک اور متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے۔