• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

روزانہ اخروٹ کھانے کا یہ فائدہ جانتے ہیں؟

شائع August 31, 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

خشک میوے میں شمار کیا جانے والا اخروٹ ہمیشہ سے طبی لحاظ سے فائدہ مند قرار دیا جاتا ہے اور اسے موٹاپے سے بچاؤ کے لیے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے۔

مگر روزانہ کچھ مقدار میں اسے کھانا جان لیوا امراض قلب کا باعث بننے والے کولیسٹرول کے مسئلے سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہاسپٹ کلینک آف بارسلونا کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ درمیانی عمر کے افراد اگر روزانہ اخروٹ کی کچھ مقدار (آدھا کپ) کا استعمال عادت بنالیں تو وہ نقصان دہ کولیسٹرول یا ایل ڈی ایل کی شرح میں معتدل کمی لاسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ اخروٹ کھانے سے جسم میں ایل ڈی ایل ذرات کی تعداد میں بھی کمی آتی ہے جو دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ سابقہ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا تھا کہ گریاں بالخصوص اخروٹ کھانے سے امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ اس گری کے کھانے سے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم نے ایک اور وجہ بھی دریافت کی ہے اور وہ یہ ہے کہ اخروٹ کھانے سے ایل ڈی ایل ذرات کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے، ان ذرات کا حجم مختلف ہوسکتا ہے، چھوٹے کثیف ذرات شریانوں میں خون کی روانی روکنے کا باعث بنتے ہیں۔

اس تحقیق میں 63 سے 79 سال کی عمر کے 708 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں 2 سال تک اخروٹ کا استعمال کراکے کولیسٹرول پر مرتب ہونے والے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق میں شامل افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا اور ایک گروپ کی روزانہ کی غذا میں آدھے کپ اخروٹ کا اضافہ کیا گیا جبکہ دوسرے کو اس گری سے دور رکھا گیا۔

2 سال بعد ان گروپس کے کولیسٹرول لیول کی جانچ پڑتال میں دریافت کیا گیا کہ اخروٹ کھانے والے گروپ میں شامل افراد کے ایل ڈی ایل کولیسٹرول لیول میں اوسطاً 4.3 ایم جی/ڈی ایل کمی آئی ہے اور ہر قسم کے کولیسٹرول کی سطح میں اوسطاً 8.5 ایم جی/ڈی ایل کمی آئی۔

اسی طرح روزانہ اخروٹ کھانے سے ایل ڈی ایل کے مجموعی ذرات کی شرح میں 4.3، چھوٹے ایل ڈی ایل ذرات کی تعداد میں 6.1 فیصد کمی آئی جس سے دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ کم ہوگیا۔

اس گروپ میں شامل مردوں کے کولیسٹرول کی سطح میں 7.9 فیصد جبکہ خواتین کے کولیسٹرول میں 2.6 فیصد کمی آئی۔

محققین کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ کوئی حیران کن کمی نہیں، مگر تحقیق میں شامل افراد صحت مند تھے جو کسی غیر متعدی بیماری سے متاثر نہیں، بلڈ کولیسٹرول کے عارضے کے شکار افراد کا کولیسٹرول لیول اس گری کے استعمال سے زیادہ کم ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کھانا دل کی صحت کو بہتر بنانے کا ایک آسان ذریعہ ہے، اخروٹ میں موجود صحت بخش چکنائی سے وزن میں بھی اضافہ نہیں ہوتا۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل سرکولیشن میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024