• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ماڈل و اداکار عنایت خان نے خاموشی سے شادی کرلی

شائع August 30, 2021
اداکار نےبتایا کہ انہوں نےمحرم کے احترام کے باعث شادی کی خبر خفیہ رکھی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نےبتایا کہ انہوں نےمحرم کے احترام کے باعث شادی کی خبر خفیہ رکھی—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں زیادہ تر مختصر کردار ادا کرنے والے اداکار عنایت خان نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا ہے کہ انہوں نے خاموشی سے شادی کرلی۔

عنایت خان نے 2014 میں ’دے اجازت جو تو‘ سے چھوٹی اسکرین پر ڈیبیو کیا تھا، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کرتے رہے ہیں۔

کراچی میں پیدا ہونے والے عنایت خان نے 27 اگست کو ایک خاتون کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سادگی سے شادی کرلی۔

عنایت خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں ان کی ہونے والی شریک حیات کو نقاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکار نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے محرم الحرام سے قبل شادی کی تھی اور جہیز لیے بغیر انتہائی سادگی سے نئی زندگی کے سفر کا آغاز کیا۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کب شادی کی تھی، تاہم تصدیق کی کہ محرم الحرام کے احترام کی وجہ سے وہ ازدواجی سفر سے متعلق تاخیر سے مداحوں کو بتا رہے ہیں۔

اداکار نے اہلیہ کا تعارف بھی نہیں کرایا لیکن ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی شریک حیات کا تعلق شوبز سے نہیں۔

عنایت خان کی جانب سے شادی کی پوسٹ کیے جانے پر ثنا فخر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

بعد ازاں عنایت خان نے 29 اگست کو بھی اہلیہ کے ہمراہ رنگین تصویر شیئر کرتے ہوئے شریک حیات کی جانب سے نقاب کرنے کے معاملے پر بات کی۔

اداکار نے واضح کیا کہ ان کی شریک حیات کی جانب سے نقاب کرنا ان کی ذاتی پسند ہے جب کہ ان کی جانب سے سادگی میں شادی کرنے کا پیغام شیئر کرنا بھاری جہیز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

عنایت خان نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ شہرت حاصل کرنے یا خبروں کی زینت بننے کے لیے اہلیہ کے ہمراہ نقاب میں تصاویر شیئر نہیں کر رہے۔

اداکار کی جانب سے سادی سے شادی کیے جانے پر جہاں شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی، وہیں مداحوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔

عنایت خان نے زیادہ تر ڈراموں اور فلموں میں مختصر یا معاون کردار ادا کیے ہیں، انہوں نے ’جیک پاٹ‘ فلم میں بھی معاون کردار ادا کیا تھا۔

عنایت خان کو زیادہ تر ماڈلنگ کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے مختصر کرداروں کو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024