• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ابرار الحق کے ’بے بی شارک‘ سے متعلق بیان پر شوبز شخصیات منقسم

شائع August 30, 2021
گلوکار پر جہاں تنقید کی جا رہی ہے، وہیں اس کی حمایت بھی کی جا رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکار پر جہاں تنقید کی جا رہی ہے، وہیں اس کی حمایت بھی کی جا رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

معروف گلوکار ابرارالحق کی جانب سے حال ہی میں نئی نسل کی پرورش کے حوالے سے ماؤں کی تربیت پر کہی گئی بات پر شوبز شخصیات منقسم دکھائی دیتی ہیں۔

ابرار الحق نے حال ہی میں منعقد ایک تقریب میں کہا تھا کہ جب وہ بچے تھے تو اس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں سلاتے ہوئے اسلامی کلمات سناتی تھیں۔

گلوکار نے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون دے کر اس پر ’بے بی شارک‘ گانا لگا دیتی ہیں، انہوں نے منفرد انداز میں بچوں اور بڑوں کے مقبول گانے ’بے بی شارک‘ کو گاکر بھی دکھایا تھا۔

ابرار الحق کی جانب سے بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر جہاں عام افراد کی رائے منقسم دکھائی دی، وہیں شوبز شخصیات بھی مذکورہ معاملے پر دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔

اداکارہ، ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے ابرار الحق کے کمنٹس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں گلوکاری کرنے کے طعنے بھی دیے۔

نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص جو خود گانے گاتا ہو اور موسیقی کے ساتھ ہی بڑا ہوا ہو، اسے اس طرح کی باتیں نہیں کرنی چاہیے۔

یاسر حیسن نے نادیہ حسین سے اتفاق کیا—اسکرین شاٹ
یاسر حیسن نے نادیہ حسین سے اتفاق کیا—اسکرین شاٹ

نادیہ حسین نے لکھا کہ ابرارالحق کو آج کل کی ماؤں کی تربیت پر بات نہیں کرنی چاہیے تھی اور انہیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے تھا کہ کیا ان کے گانے سن کر نئی نسل کی بہتر پرورش ہو رہی ہے؟

نادیہ حسین کی جانب سے گلوکار پر سخت تنقید کرنے پر کئی شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کی اور اداکار یاسر حسین نے بھی ماڈل و میک اپ آرٹسٹ کا ساتھ دیا۔

زرنیش خان نے ابرارالحق کا ساتھ دیا—اسکرین شاٹ
زرنیش خان نے ابرارالحق کا ساتھ دیا—اسکرین شاٹ

یاسر حسین کے مطابق نادیہ حسین نے گلوکار پر درست انداز میں تنقید کی۔

جہاں نادیہ حسین اور یاسر حسین جیسے افراد ابرارالحق کی بات پر ایک ہی پیج پر دکھائی دیے، وہیں دوسری شوبز شخصیات نے گلوکار کا ساتھ دیا۔

اداکارہ زرنیش خان نے ابرار الحق کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا اور کہا کہ دوسروں کی بات سننے اور انہیں اپنی بات کہنے کا موقع دیا جانا چاہیے، دوسری صورت میں ہم سب کو گونگے ہونے کی مشق کرنی پڑے گی۔

اشنا شاہ بھی گلوکار کے حق میں بولیں—اسکرین شاٹ
اشنا شاہ بھی گلوکار کے حق میں بولیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ گلوکار کی بات کو نظر انداز کیا جائے، نہ کہ اس کی پوری زندگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

گلوکار امانت علی نے بھی ابرار الحق کا ساتھ دیا اور کہا کہ انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے کسی خاتون یا ماؤں پر تنقید کی ہے، بس انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

ساتھ ہی امانت علی نے واضح کیا کہ ابرار الحق نے ایک سال کی عمر میں یا والدہ کی گود میں بیٹھ کر گانے نہیں بنائے تھے، وہ تب موسیقار اور گلوکار بنے جب وہ بڑے ہوچکے تھے۔

ان کی طرح اداکارہ اشنا شاہ نے بھی ابرار الحق کا ساتھ دیا اور ان کی تعریف میں مختصر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ قرار دیا اور ساتھ ہی ان سے محبت کا اظہار بھی کیا۔

شوبز شخصیات کے علاوہ بھی عام لوگ ابرار الحق کی بات پر منقسم دکھائی دیے، جہاں کئی لوگوں نے ان کی بات سے اتفاق کیا تو وہیں کئی افراد نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہر ماں اپنے بچے کو موبائل فون دے کر اس پر گانے چلا دیتی ہیں۔

خیال رہے کہ ’بے بی شارک‘ گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھنی جانے والی ویڈیو ہے، مذکورہ گانے کو جنوبی کورین پروڈیوسرز نے 2016 میں اپ لوڈ کیا تھا۔

’بے بی شارک‘ دنیا بھر کے بڑوں اور بچوں میں یکساں مقبول گانا ہے۔

گلوکار امانت علی نےبھی ابرارالحق کا ساتھ دیا—اسکرین شاٹ
گلوکار امانت علی نےبھی ابرارالحق کا ساتھ دیا—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024