• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نواز شریف نے کراچی کا امن بحال، بھتہ خوری کا خاتمہ کیا، شہباز شریف

شائع August 29, 2021 اپ ڈیٹ August 30, 2021
شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کیا—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کراچی میں برسوں سے جاری بدامنی اور بھتہ خوری کو ختم کرکے شہر کا امن بحال کیا جبکہ عمران خان کی جھوٹی اور کرپٹ حکومت کے سیاسی خاتمے کےلیے لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد جانا پڑے گا۔

کراچی میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے رہنماؤں نے وہاں کی محرومیوں کی بات کی، اس پر پی ڈی ایم اور ہمارے قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) ان کے ساتھ ان کے معاشی، سماجی اور قانونی حقوق دلانے کے لیےساتھ دے گی اور کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعطم عمران خان جب 2019 میں کراچی آئے تو 162 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا تھا اور پھر 2020 میں جب شدید بارشیں ہوئیں اور سیلاب آگیا تھا تو پھر عمران خان نے 1100 ارب روپے بڑا پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بلاول بھٹو نے بتایا کہ اس 1100 ارب کے منصوبے میں حکومت سندھ نے خطیر رقم لگایا ہے لیکن عمران خان نے سندھ اور کراچی کی محرومیوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے اور جھوٹے وعدوں پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔

'کراچی میں اب بوری بند لاشیں نہیں ملتیں'

شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ جب اس شہر میں بھتہ خوری عروج پر تھی، بند بوری پر لاشیں ملتی تھیں، پرچیاں جاتی تھیں کہ کروڑوں روپے فلاں کو دے دو، خوف کا ماحول تھا اور لوگ پنجاب منتقل ہونا شروع ہوئے اور کاروباری لوگوں نے اپنے خاندان دبئی منتقل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پھر نواز شریف نے شہر اور ملک کے اندر تمام اداروں، یہاں کی حکومت کے ساتھ مل کر اور کاروبارحضرات کے مشورے کے ساتھ ایک مربوط منصوبہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر آپ نے دیکھا کراچی میں امن و امان کی جو تباہ حال صورت حال تھی، اس کو نواز شریف نے وہ امن واپس لوٹایا اور وہ خاندان واپس کراچی آگئے اور آج کراچی میں بھتہ خوری کا خاتمہ ہوچکا ہے، بند بوریوں میں لاشیں اب نہیں آتیں۔

'نواز شریف نے کراچی کی روشنیاں بحال کیں'

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ وہی نواز شریف ہیں جنہوں نے 20،20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جبکہ اس سے قبل لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی، پنکھا بند ہوتا تھا، لوگ ذہنی طور پر مفلوج ہوگئے تھے، کاروبار ٹھپ تھا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پہنچ چکی تھی لیکن اللہ کے کرم سے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاکستان کے اپنے وسائل سے اربوں ڈالر خرچ کرکے پاکستان میں 5 سال میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی مہیا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی کی روشنیاں واپس آگئی ہیں اور پاکستان کے اندر صنعتیں دوبارہ چل پڑی ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے جو روزگار لوگوں سے چھن گیا تھا اس کو نواز شریف کی قیادت میں یہ حقیر خدمات دی گئیں۔

'عمران خان روزانہ ہیلی کاپٹر پر گھر سے دفتر جاتا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے عوام آپ کو اس کے حوالے سے اچھی طرح علم ہے لیکن آج یہ عمران خان دن رات جھوٹ بولتا ہے، دروغ گوئی کرتا ہے، یہ وہی شخص ہے جو کنٹینر پر کھڑے ہو کر کہتا تھا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ایک روپے گر جائے تو سمجھو کہ وہ وزیراعظم کرپٹ ہے، بجلی کے بل میں اضافہ ہوجائے تو وزیراعظم کرپٹ ہے، لوگوں کو مہنگائی سے واسطہ پڑے تو حکومت کرپٹ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کیا چینی سستی ہوئی، کیا آٹا سستا ہوا، بجلی سستی ہوئی، گیس سستی ہوئی، ہر چیز اس وقت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، عمران خان تو ساڑھے 300 کینال میں بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کر رہے ہیں، اس سے بڑی اور کوئی خطا ہو نہیں ہوسکتی، حضرت عمر اور حضرت علی، حضرت عثمان اور حضرت ابوبکر کا زمانہ دیکھیں کہ کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا اور کس طرح انصاف ملتا تھا لیکن یہ شخص آج لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں کروڑوں لوگ تباہ حال ہیں اور مہنگائی نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، اس عمران خان کو کیا پتہ جو اس محل میں رہتا ہے اور روز اپنے گھر سے دفتر ہیلی کاپٹر میں جاتا ہے، اس کو کیا پتہ ہوگا کہ لانڈھی، مہران کی وادیوں، بلوچستان کی سنگلاخ پہاڑوں، کے پی کے برف پوش اور پنجاب کے میدانوں میں غریب خاندان کس طور اپنی زندگی گزار رہا ہے۔

'عوام نے موقع دیا تو مہنگائی ختم، تعلیم، علاج کی سہولتیں دیں گے'

ان کا کہنا تھا کہ خود نمائی نہیں کر رہا لیکن یہی وہ نظام ہے اور اگر عوام نے ہمیں موقع دیا، پی ڈی ایم کو موقع دیا تو یہ مہنگائی ختم ہوجائے گی، ملک کے اندر روزگار ہوگا، تعلیم اور علاج کی سہولتیں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات صرف تقریر کے لیے نہیں کر رہا بلکہ آپ نے عملی نمونہ آپ دیکھ چکے ہیں، شاید کراچی میں نہیں تھا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس پنجاب کا صوبہ تھا تو وہاں پر علاج مفت تھا، کروڑوں کی ادویات غریبوں کو مفت میں ملتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے لیے لیپ ٹاپ دیے جاتےتھے، غریبوں کو تعلیم کے لیے وظائف دیے گئے، آج وہ ڈاکٹر اور انجینئر بن کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

'ملک میں پہلی میٹرو کا حق کراچی کا تھا'

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہم نے لاہور میں پہلی میٹرو 2012 میں بنائی تھی لیکن پہلا حق کراچی کا تھا، یہ شہر کمائی کا مرکز اور بندرگاہ ہے، پاکستان کے لیے 68 فیصد سرمایہ دیتا ہے اور کراچی نے ماں کی گود کی مانند پورے پاکستان کو اپنی گود میں سما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 72 برسوں میں اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے، اس طرح نہیں ہوگا، پی ڈی ایم کو اگر موقع ملا تو ہم مل کر پاکستان کے اندر فلاحی ریاست بنائیں گے اور پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی قیادت میں ہمارے آبا و اجداد خون کا دریا عبور کر کے یہاں اس لیے نہیں آئے کہ چھینا جھپٹی ہو، ناانصافی ہو، اس لیے نہیں کہ عمران خان نیازی جیسا جھوٹا شخص مسلط ہو، دن رات جھوٹ بولے، مہنگائی کرے، ملک میں غربت، بے روزگاری لائے اور کہے میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دوں گا لیکن نوکریاں اور گھر بھی جارہے ہیں۔

'جھوٹی، کرپٹ حکومت کے خاتمے کیلئے اسلام آباد جائیں گے'

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ اس مہنگائی کا طوفان روکنے کے لیے عوامی ریلا لے کر جانا ہوگا اور اسلام آباد میں اس کو خس و خاشاک کی طرح بہانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن قیادت کریں گے اور ہم سب لاکھوں کے ساتھ مل کر مہنگائی کو دفن کرنے کے لیے اس جھوٹی اور کرپٹ حکومت کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے لیے جائیں گے اور اللہ کو منظور ہوا تو یہ ہو کر رہے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024